چنڈی گڑھ (یو این آئی) ہندوستان اور بیرون ملک مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث چھٹے شوٹر دیپک منڈی کو ہند-نیپال سرحد سے دو ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا۔ڈائرکٹر جنرل آف پولس گورو یادو نے آج یہ اطلاع دی۔ شوٹر دیپک منڈی کے ساتھ، کپل پنڈت اور راجندر کو نیپال اور مغربی بنگال کی سرحد کے آس پاس سے گرفتار کیا گیا۔ انہیں اینٹی گینگسٹر ٹاسک فورس، دہلی پولس کے مشترکہ آپریشن کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔پولیس انہیں پنجاب لا رہی ہے ۔واضح رہے کہ 29 مئی کو جواہرکے گاؤں میں سدھو موسس والا کو اس وقت جدید ہتھیاروں سے قتل کر دیا گیا تھا جب وہ اپنے محافظوں کو گھر پر چھوڑ کر اپنے دو دوستوں کے ہمراہ تھار جیپ سے قریبی گاؤں میں اپنی بیمار خالہ کی مزاج پرسی کے لیے جارہے تھے ۔ ان کی ریکی کرنے والے لارنس اور گینگسٹر گولڈی براڈ کے حواریوں نے سدھو کے اکیلے جانے کی اطلاع دی اور تمام شوٹروں نے دو گاڑیوں سے سڑک کو گھیرے میں لے لیا اور ان پر اندھا دھند گولیاں برسائیں، جس سے نوجوان گلوکار کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور اس کے دونوں ساتھی زخمی ہوگئے ، تھار جیپ میں ان کے ساتھ سفر کررہے تھے ۔اس کے بعد مختلف مقامات سے تین شوٹروں کو گرفتار کیا گیا اور امرتسر میں ہند-پاک سرحد کے قریب ایک گاؤں کے باہر ایک خستہ حال مکان میں مڈبھیڑ کے دوران دو شوٹر مارے گئے ۔ چھٹے شوٹر کو اب گرفتار کر لیا گیا ہے ۔