نئی دہلی(یو این آئی) گوتم لہڑی پینل نے ایک بار پھر ملک کی صحافتی تنظیموں کی سب سے بڑی تنظیم پریس کلب آف انڈیا (پی سی آئی) کے انتخابات میں تمام عہدوں پر شاندار کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کی ہے۔
اس انتخاب میں گوتم لہڑی کو صدر کے طور پر سب سے زیادہ 1045 ووٹ ملے۔ نائب صدر کے عہدے کے لیے سنگیتا باروا کو 927 ووٹ ملے، جنرل سیکریٹری کے عہدے کے لیے نیرج ٹھاکر کو 913 ووٹ ملے، جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے کے لیے افضل امام کو 782 ووٹ ملے جب کہ خزانچی کے عہدے کے لیے موہت دوبے کو بھی 782 ووٹ ملے۔
صدر کا عہدہ حاصل کرنے والے گوتم لہڑی نے کہا کہ ہماری ٹیم میڈیا کی آزادی کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ میڈیا اداروں کی آزادی کو برقرار رکھنے کی مسلسل کوشش کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ آزاد میڈیا صحت مند جمہوریت کی بنیاد ہے اور اس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ آنے والے دنوں میں بھی صحافیوں کے مسائل کو آواز بلند کرتے رہیں گے۔
اس کے ساتھ ہی اس پینل کے سولہ مینجنگ کمیٹی ممبران نے جیت درج کی، جن میں یواین آئی (وارتا) کے محمد آزاد، این اے ڈی وی کی ادیتی راجپوت، ٹائمز آف انڈیا کی میگھنا دھولیا، کاروان کی سوربھی کنگا، آزاد صحافی پرگیہ سنگھ، نیٹ ورک 18 کے شنکرآنند، سینئر صحافی امیتابھ رائے چودھری، آل انڈیا ریڈیو کے ابھیشیک کمار سنگھ، آسامی پرتیدن کے آشیش گپتا، ٹائمز آف انڈیا کے انندو چٹوپادھیائے، ایشیا ٹائمز اردو کے اشرف علی، سینئر صحافی نلنی رنجن موہنتی، رپورٹر لائیو کے پی آر سنیل، ساؤتھ انڈیا ٹائمز کے پبا سریش، سینئر صحافی سنیل نیگی اور سی این این نیوز 18 کے رویندر کمار شامل ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کو پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں 1357 ووٹ ڈالے گئے تھے۔