گستاخ رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کی گرفتاری کے بعد فوری رہائی پراظہاربرہمی،7نئی ایف آئی آر بھی درج
حیدرآباد (ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک) شان رسالتؐ میں گستاخی پر معطل شدہ بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کی گرفتاری کے بعد فوری رہائی کے خلاف عوام میں ہنوز برہمی کا ماحول ہے اور چہارشنبہ کو بھی احتجاج و مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا ۔ اس درمیان راجہ سنگھ کے پتلے نذر آتش کئے گئے۔ سیاست نیوز کی خبر کے مطابق راجہ سنگھ کے خلاف آج مزید 7 مقدمات پولیس اسٹیشن عنبرپیٹ ، ملک پیٹ ، چادر گھاٹ ، راجندر نگر اور نامپلی میں درج کئے گئے ہیں ۔ ادھرپولیس نے ساؤتھ زون میں فلیگ مارچ کیا۔ احتجاج کے دوران سنگباری کے واقعات بھی پیش آئے۔ شاہ علی بنڈہ آشا ٹاکیز کے قریب آج رات اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب احتجاجی نوجوانوں نے پولیس پر سنگباری شروع کردی۔ رات 8 بجے بازار بند کرادیئے گئے اور پرانا شہر عملاً کرفیو کا منظر پیش کررہا تھا۔ رات دیر گئے پولیس نے نشاندہی کے بعد گھروں کے دروازے توڑ کر ان نوجوانوں کو گرفتار کرلیا جو سنگباری میں ملوث بتائے گئے ہیں۔پولیس کی اس بربریت سے گھروں میں خواتین اور بچے انتہائی خوفزدہ ہوگئے اور چیخ و پکار کرنے لگے۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار شدگان میں 3 غیر مسلم بھی شامل ہیں۔ پولیس نے تقریباً 100 نوجوانوں کو احتیاطی اقدام کے طور پر حراست میں لے لیا جو شاہ علی بنڈہ اور چندرائن گٹہ علاقہ میں احتجاج کررہے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ نوجوان جہد کار سعید عبداؤ کشف کو بھی پولیس نے اشتعال انگیز نعرہ بازی کے کیس میں حراست میں لے لیا ہے۔ رات دیر گئے ٹاسک فورس کی اس کارروائی کے بعد احتیاطی اقدامات کے تحت پرانے شہر میں بھاری پولیس فورس کو متعین کردیا ہے ۔ تمام تجارتی دوکانوں کو بالخصوص پرانے شہر میں 8 بجے سے قبل ہی بند کرادیا گیا اور یہ احکامات جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔ پولیس پرانے شہر پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ کو بروقت روکا جاسکے ۔ سوشل میڈیا پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔
خبروں کے مطابق صبح سے ہی ایک واٹس ایپ میسیج پولیس کیلئے تشویش کا باعث رہا جس میں شام 5 بجے شاہ علی بنڈہ چوراہے پر کثیر تعداد میں احتجاج کیلئے جمع ہونے کی اپیل کی گئی تھی حالانکہ پولیس نے اس میسیج کو گشت کرانے کے پس پردہ افراد کا پتہ لگانے کی کوشش کی لیکن یہ معلوم ہوا ہے کہ نوجوانوں نے رضاکارانہ طور پر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاپڈ ایکشن فورس کے علاوہ کمشنر ٹاسک فورس اور سنٹرل کرائم اسٹیشن و آرمڈ ریزرو پولیس کے پلاٹونس کو بھی پرانے شہر کے حساس علاقوں میں تعینات کردیا گیا ہے اور پولیس کی گشت میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ سیاست نیوز کے مطابق کل رات دیر گئے بعض احتجاجی نوجوانوں میں ڈیٹکٹیو انسپکٹر مغل پورہ کی پٹرولنگ گاڑی پر سنگباری کرتے ہوئے اسے نقصان پہنچایا ۔ اسی طرح رات دیر گئے احتجاج کرنے والے بعض نوجوانوں نے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے مکان کو جانے کی کوشش کررہے تھے کہ پولیس نے انہیں علاقہ بیگم بازار کے قریب انہیں حراست میں لے لیا جبکہ بعض نوجوانوں کو اکثریتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے زدوکوب کیا جس میں ایک نوجوان زخمی ہوگیا ۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ایک ہنگامی اجلاس کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ جمعہ تک پرانے شہر میں چوکسی برقرار رہے گی اور احتجاج و مظاہروں پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔ حالات کو قابو میں رکھنے کیلئے انٹلیجنس عملہ اور اسپیشل برانچ کے ملازمین کو بھی علاقوں میں پھیلادیا گیا ہے تاکہ ناگہانی واقعہ کے بارے میں فوری طور پر اعلیٰ عہدیداروں کو اطلاع دی جاسکے ۔ احتجاج کرنے والے نوجوانوں نے ملعون راجہ سنگھ کے پوسٹر پر چپل کا نقش بناکر اسے سڑکوں پر چسپاں کیا تاکہ عوام ان پوسٹرس پر سے گزرے ۔ ایڈیشنل کمشنر پولیس لا اینڈ آرڈر ڈی ایس چوہان کی نگرانی میں پولیس بندوبست کیا جارہا ہے اور پرانے شہر کے اہم راستوں پر خاردار تار کے علاوہ بیریکیٹس بھی نصب کرتے ہوئے چیک پوسٹ کی طرح پولیس پکٹس قائم کئے گئے ہیں تاکہ اُن راستوں سے گزرنے والے افراد کو روک کر ان کی تلاشی لی جاسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گنیش تہوار کے لئے صرف ایک ہفتہ باقی ہے اور اس سے قبل شہر میں کشیدہ حالات سے پولیس ہنوز تشویش کا شکار ہوگئی ہے اور ممکنہ تشدد کے واقعات سے نمٹنے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔