حصار، 3 جنوری (یو این آئی) حصار اور پانی پت سمیت ہریانہ کے 13 شہروں کا کم از کم درجہ حرارت شملہ اور منالی سے بھی کم ہے۔محکمہ موسمیات کے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق شملہ میں 11.5 ڈگری سیلسیس اور منالی میں 7.1 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ ریاست کے شہروں میں درجہ حرارت 11 سے کم ہے۔ نارنول سب سے زیادہ سرد ہے۔ یہاں کم از کم درجہ حرارت 4.2 ڈگری سیلسیس ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں سردی سے راحت ملنے کی امید نہیں ہے۔ جمعہ کی دوپہر 12 بجے تک حصار، پانی پت، روہتک، فرید آباد، جھجر، سونی پت، جند، پلول، نوح اور مہندر گڑھ سمیت کئی شہروں میں گھنا کہرا چھایا رہا۔ سورج 12 بجے کے بعد نکلا۔ گھنے کہرے کے باعث حد نگاہ 5 سے 10 میٹر رہی۔ اس سے سڑکوں پر گاڑی چلانا خطرناک ہو گیا۔ لائٹ جلا کر گاڑیاں چلانی پڑیں۔ سردی کی لہر جاری ہے جس سے ٹھنڈبڑھ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے نئی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔ اس میں آج 10 شہروں میں سرد ترین دن کی وارننگ دی گئی ہے۔ ان شہروں میں سرسا، حصار، فتح آباد، بھیوانی، جند، پنچکولہ، انبالہ، یمنا نگر، کرنال، پانی پت شامل ہیں۔ سرسا، حصار، فتح آباد، بھیوانی، جند میں ہلکی دھوپ سے کچھ راحت ملے گی، لیکن پنچکولہ، انبالہ، یمنا نگر، کرنال، پانی پت میں پورے دن سردی کا حملہ رہے گا۔ اس کے علاوہ بھیوانی، روہتک، چرخی دادری اور جھجر میں دھند رات کو پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔
ہریانہ زرعی یونیورسٹی کے زرعی موسمیات کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر مدن کھیچڑ نے کہا کہ ریاست میں مغربی ڈسٹربنس کے جزوی اثر کی وجہ سے جمعہ کی رات سے ہواؤں میں تبدیلی آئے گی۔ شمال مشرقی ہوائیں چلنے سے موسم کروٹ لے گا۔ 5 اور 6 جنوری کی درمیانی شب ریاست کے شمال اور جنوب مغرب میں کچھ مقامات پر بوندا باندی کا امکان ہے۔ 7 جنوری سے ریاست میں موسم خشک رہے گا اور سردی کی وجہ سے رات کے درجہ حرارت میں کمی آئے گی۔ شمال اور شمال مغرب سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں کہرا بھی رہ سکتاہے۔