چنڈی گڑھ(یو این آئی) ناندیڑ قتل کیس میں ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے، پنجاب پولیس کے اسٹیٹ اسپیشل آپریشن سیل (ایس ایس او سی)، ایس اے ایس نگر نے پاکستان میں مقیم ببر خالصہ انٹرنیشنل (بی کے آئی) کے دہشت گرد ہرویندر سنگھ عرف رندا کے تین اور کارندوں کو گرفتار کیا ہے، جنہیں پاکستان کی آئی ایس آئی کی حمایت حاصل ہے۔پنجاب کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) گورو یادو نے ہفتہ کو بتایا کہ گرفتار افراد کی شناخت مہاراشٹر کے ناندیڑ کے رہنے والے جگجیت سنگھ عرف جگی اور شبھم کھیل بوڑے اور روپڑ کے رائے کے رہنے والے گرودیپ سنگھ عرف دیپا کے طورپر ہوئی ہے۔ پولیس ٹیموں نے 15 کارتوس اور ایک 12 بور پمپ ایکشن گن اور آٹھ کارتوسوں کے ساتھ ایک 32 بور پستول سمیت دو ہتھیار بھی برآمد کئے ہیں۔
یہ پیش رفت ناندیڑ قتل کیس کے سلسلے میں جگدیش سنگھ عرف جگا، شبھدیپ سنگھ عرف شبھ اور سچن دیپ سنگھ عرف سچن کی پہلے کی گرفتاریوں کے بعد ہوئی ہے۔ ان گرفتاریوں کے ساتھ ہی اس معاملے میں گرفتار افراد کی کل تعداد چھ ہو گئی ہے۔
مسٹر یادو نے کہا کہ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ گرفتار ملزم جگجیت عرف جگی نے سرحد پار سے رندا کے ذریعہ ماسٹر مائنڈ ناندیڑ قتل کیس میں شامل شوٹروں کے لئے رسد، سیف ہاؤس اور کوآرڈینیشن کی سہولت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش میں جیل میں بند گینگسٹر دلپریت عرف بابا کے کردار کا بھی انکشاف ہوا ہے، جو رندا کا ایک پرانا ساتھی ہے، جس نے پنجاب میں ملزمان کے لیے محفوظ ٹھکانوں کا انتظام کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ کارندہ جگجیت عرف جگی قتل، اقدام قتل، دھمکی اور بھتہ خوری سے متعلق مقدمات میں مطلوب تھا، جب کہ شبھم مہاراشٹر کے ناندیڑ میں دھمکی اور بھتہ خوری سے متعلق مقدمات میں مطلوب ہے اور گرفتاری سے بچنے کے لیے پنجاب آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم جگی اور شبھم پروندر عرف رندا کی ہدایات پر ہتھیاروں کی خریداری، بھتہ خوری کے پیسے جمع کرنے، لاجسٹک سپورٹ اور ناندیڑ میں اپنے دیگر کارندوں کے لیے پناہ گاہ سمیت مختلف غیر قانونی سرگرمیوں کے کوآرڈینیشن میں فعال طورپر شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ تیسرے گرفتار شخص، گرودیپ عرف دیپا کو مفرور جگی اور شبھم کو پناہ دینے اور لاجسٹک مدد فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم گردیپ دیپا نے ملزموں کے فرار اور ان کی سرگرمیاں جاری رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آف پولیس (اے آئی جی) ایس ایس او سی ایس اے ایس نگر ڈاکٹر سمرت کور نے کہا کہ قابل اعتماد انٹیلی جنس ان پٹ کے بعد، ایس ایس او سی ایس اے ایس نگر کی ٹیم نے انٹیلی جنس کی قیادت میں آپریشن شروع کیا اور شبھم کھیل بوڑے کو گرودیپ عرف دیپا کے ساتھ سری آنند پور صاحب سے گرفتار کیا، جہاں وہ ایک ریت کریشر میں پناہ لے رہا تھا۔ گرفتار ملزموں سے پوچھ گچھ سے حاصل ہونے والے سراغ پر مزید فوری کارروائی کرتے ہوئے اسی دن دیر رات ضلع ترن تارن سے تیسرے ملزم جگجیت عرف جگی کی گرفتاری کی راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران، پولیس نے شبھم سے .32 بور پستول اور گرودیپ سے ایک پمپ ایکشن گن برآمد کی، جن کا استعمال پنجاب اور دیگر علاقوں میں غیر قانونی کارروائیوں کو آگے بڑھانے کے لیے کیا جانا تھا۔اے آئی جی کور نے کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے اور آنے والے دنوں میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔