نئی دہلی، 19 جولائی (یو این آئی) صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے آج آرمی چیف جنرل اپیندر دویدی اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کمار ترپاٹھی سمیت 31 سینئر فوجی افسران کو پرم وششٹ سیوا ایوارڈسے نوازا۔محترمہ مرمو نے یہاں راشٹرپتی بھون میں منعقدہ دفاعی اعزازی تقریب کے دوسرے مرحلے کے دوران فوجی اہلکاروں کو ممتاز اور نمایاں خدمات کے لیے یہ تمغے پیش کیے۔ انہوں نے مسلح افواج اور انڈین کوسٹ گارڈ کے 94 اہلکاروں کو ممتاز خدمات کا اعزاز بھی پیش کیا۔

ان ایوارڈ میں 31 پرم وششٹ سیوا میڈل (پی وی ایس ایم)، چار اتم یودھ سیوا میڈل (یو وائی ایس ایم)، 2، بار ٹو اتی وششٹ سیوا میڈل (اے وی ایس ایم )، اور 57 اے وی ایس ایم میڈل شامل ہیں۔جنرل دیویدی اور ایڈمرل ترپاٹھی جنہیں حال ہی میں بالترتیب آرمی چیف اور بحریہ کے سربراہ مقرر کیا گیا تھا، کو بھی پرم وششٹ سیوا میڈل سے نوازا گیا ہے۔
اس موقع پر نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، دفاع کے وزیر مملکت سنجے سیٹھ اور اعلیٰ فوجی افسران کے ساتھ کئی معززین موجود تھے۔