نئی دہلی، 26 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس نے راجستھان اسمبلی انتخابات کے درمیان پارٹی کے ریاستی صدر اور ایک دیگر لیڈر کے احاطے پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے واضح ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) الیکشن ہار رہی ہے اور یہ چھاپے اس کی مایوسی کا نتیجہ ہیں۔
کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور سابق مرکزی وزیر سچن پائلٹ نے جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں راجستھان اسمبلی انتخابات سے عین قبل پارٹی کے ریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا کے احاطے پر ای ڈی کے چھاپے کو سیاست سے متاثر بتاتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ انہوں نے اس چھاپے کو بی جے پی کی مایوسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کانگریس قائدین کو ڈرانے اور دھمکانے کی کوشش ہے اور کوئی اس سے ڈرنے والا نہیں ہے۔
ادھردہلی میں یوتھ کانگریس نے راجستھان میں کانگریس لیڈروں کے گھر پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپے کوتاناشاہی قرار دیتے ہوئے جمعرات کے روز مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج و مظاہرہ کیا۔یوتھ کانگریس کے کارکنان یہاں 5 رائےسینا روڈ پر واقع تنظیم کے ہیڈکوارٹر پر جمع ہوئے اور احتجاج شروع کیا لیکن پولیس کی بھاری فورس نے کارکنوں کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔ احتجاج کرنے والے نوجوان سڑک پر بیٹھ گئے اور مودی حکومت کے خلاف نعرےبازی کرنے لگے اور کہا کہ مودی حکومت انتخابی فائدے کے لیے چھاپے ماری کروا رہی ہے۔یوتھ کانگریس کے قومی صدر سرینواس بی وی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جہاں انتخابات ہوتے ہیں، مرکزی حکومت کی ای ڈی، آئی ٹی اور سی بی آئی جیسی ایجنسیاں سرگرم ہو جاتی ہیں۔ راجستھان میں بھی اپنی یقینی شکست کو دیکھتے ہوئے بی جے پی نے ای ڈی کے ذریعے اپنی آخری چال شروع کر دی ہے۔انہوں نے کہا، ’’مودی حکومت کی تاناشاہی جمہوریت کے لیے خطرناک ہے اور ان کی تنظیم اسی طرح سےسرکاری ایجنسیوں کے غلط استعمال کے خلاف لڑتی رہے گی اور عوام بی جے پی کو منہ توڑ جواب دیں گے۔‘‘
یوتھ کانگریس کے صدر نے کہا کہ راجستھان اور چھتیس گڑھ میں انتخابات ہیں، اس لیے بی جے پی کو ای ڈی، آئی ٹی اور سی بی آئی کے استعمال کی پھر سے یاد آگئی ہے، لیکن بی جے پی حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ اس بار بھی نتائج وہی ہوں گے جو ہماچل پردیش اور کرناٹک میں رہے۔ راجستھان کے لوگ سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔ وہ مودی حکومت کے سامنے نھ کبھی جھکے اور نہ کبھی جھکیں گے۔