جونپور(یو این آئی) اترپردیش میں جونپور ضلع کے گوربادشاہ پور علاقے میں ٹرک کی زد میں آنے سے کار میں سوار باپ بیٹے سمیت سات افراد کی موت ہو گئی جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ حادثہ جونپور-اعظم گڑھ روڈ پر پرساد تیراہے کے قریب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تقریباً 2.30 بجے اس وقت پیش آیا جب بہار کے سیتامڑھی ضلع سے پریاگ راج آنے والی ٹینگو کار ایک تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی۔
پولیس کے مطابق بہار صوبے کے ضلع سیتامڑھی کے ریگا علاقے میں اسٹیشن روڈ کے رہنے والے سبھی لوگ شادی کے لیے لڑکی دیکھنے پریاگ راج جا رہے تھے کہ گوربادشاہ پور تھانہ علاقے کے پرساد تیراہے کے قریب ایک ٹرک نے ٹینگو کار کو زور دارٹکر مار دی۔
اس حادثے میں کار کے پروں کے پرخچے اڑ گئے اور کار تقریباً 50 میٹر تک گھسٹتی چلی گئی۔ اس حادثے میں چھ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک کی علاج کے دوران موت ہو ئی۔ دو زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے اور انہیں وارانسی بھیج دیا گیا ہے۔ مرنے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
مرنے والوں میں انیش شرما ولد گجادھر شرما (35)، گجادھر شرما ولد لکشمن شرما (60)، جواہر شرما ولد رام پرتاپ (57)، گوتم شرما ولد جواہر شرما (17)، سونم زوجہ بجرنگ شرما (34) اور رنکو زوجہ پون شرما شامل ہیں۔ بجرنگ شرما کے آٹھ سالہ بیٹے یُگ کی اسپتال میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔ جیتو شرما ولد اودھیش شرما (25)، مینا دیوی زوجہ گجادھر (40) کو علاج کے لیے وارانسی بھیجا گیا ہے۔