کلکتہ 20اپریل (یواین آئی) مغربی بنگال کے کئی اضلاع تیز دھوپ اور شدید گرمی کے زد میں ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو چھٹی والے دن بھی اس گرمی سے نجات نہیں ملے گی۔علی پور محکمہ موسمیات نے کہا کہ جنوبی بنگال میں اتوار کو شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں علی پور نے جنوبی بنگال میں گرمی کی لہر کی ریڈ وارننگ جاری کی ہے۔
ہفتہ کی دوپہر محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری وارننگ کے مطابق کلکتہ سمیت جنوبی بنگال کے تمام اضلاع میں اتوار تک شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی۔ اس کے علاوہ چھ اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان چھ اضلاع میں گرمی کی شدید لہر اتوار تک جاری رہے گی۔یہ چھ اضلاع مشرقی مدنی پور، مغربی مدنی پور، بانکوڑا، جھاڑگرام، بیر بھوم اور مغربی بردوان ہیں۔ اس کے علاوہ کلکتہ، ہگلی، ہوڑہ، جنوبی 24 پرگنہ،شمالی 24پرگنہ، ندیا، مرشد آباد، پرولیا اور مشرقی بردوان کے لیے بھی شدید گرمی کی لہر کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
عام طور پر جب کسی علاقے کا درجہ حرارت معمول سے ساڑھے چھ ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہوتا ہے توریڈ الرٹ جاری کردیا جاتا ہے۔اگر درجہ حرارت معمول سے ساڑھے چار ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو تو اسے شدید گرمی کی لہر کہا جاتا ہے۔ اتوار تک پورے جنوبی بنگال میں درجہ حرارت معمول سے کم از کم ساڑھے چار ڈگری زیادہ رہے گا۔
جمعہ کو جنوبی بنگال میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری کو عبور کر گیا تھا۔ تاہم محکمہ موسمیات کی وارننگ میں کہا گیا ہے کہ گرمی کا زیادہ سے زیادہ پارہ 44 تک ہے جو کہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ جنوبی بنگال میں اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سے تجاوز کر سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ بدھ تک ریاست میں ہیٹ ویو کی صورتحال میں کسی قسم کی تبدیلی کے کوئی آثار نہیں ہیں۔ انہوں نے بدھ تک پورے جنوبی بنگال میں ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی ہے۔