کلکتہ 20اپریل (یواین آئی) بنگال بی جے پی کے ریاستی ممبر سنتوش رائے نے آج بردوان ایسٹ سے ٹکٹ نہیں ملنے سے مایوس ہوکر ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں پارٹی میں کام نہیں کر سکتاتھا۔ میں گھٹن محسوس کر رہا ہوں۔2014 میں، انہوں نے بردوان مشرقی لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی امیدوار کے طور پر انتخاب میں حصہ لیا تھا۔
2014 میں سنتوش رائے نے بردوان مشرقی حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا۔انتخاب نہیں جیتنے کے باوجود ریاستی بی جے پی کے تنظیمی کام میں وہ شامل تھے۔وہ اس وقت ریاستی کمیٹی کے رکن کے طور پر کام کر رہے تھے۔ بردوان کے ضلع ترنمول دفتر میں پارٹی تبدیلی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ وہیں سنتوش نے ریاستی وزیر سواپن دیبناتھ کے ہاتھوں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کے بعد انہوں نے بھارت ماتا کے جے اور جوئے بنگلہ کا نعرہ بلند کیا۔
بی جے پی ذرائع کے مطابق سنتوش رائے کا خیال تھا کہ وہ اس مرتبہ بردوان مشرقی سیٹ سے پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ لیکن جب اسیم سرکار کے نام کا اعلان ہوا تو وہ مایوس ہوگئے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی اپنے غصے کا اظہار کیا۔ سنیچر کو سنتوش نے ترنمول میں شمولیت اختیار کی اور کہاکہ ’’موجودہ بی جے پی میں صرف میں ہی کیوں، میرے جیسے کسی لیڈر کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ممتادیدی کی موثر قیادت میں مغربی بنگال میں ترقی ہورہی ہے۔ مغربی بنگال کی خاطر میں بی جے پی چھوڑ کر ترنمول میں آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسیم سرکاربردوان ایسٹ سے اور دلیپ گھوش بردوان درگاپور حلقہ سے انتخاب ہار جائیں گے۔
بردوان ایسٹ سے بی جے پی امیدوار اسیم سرکار نے پارٹی کی اس تبدیلی پر سخت تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ وہ ٹکٹ کے متمنی تھے اور اس کے نشے میں تھے کہ انہیں ہی ٹکٹ ملے گا مگر نہیں ملنے سے مایوس ہوگئے۔ضلع ترنمول کے صدر رابندر ناتھ چٹوپادھیائے نے کہاکہ ’’سنتوش رائے بی جے پی کی ریاستی کمیٹی کے رکن تھے۔ انہوں نے ممتا بنرجی کو دیکھا اور ہماری پارٹی میں شامل ہو نے کا فیصلہ کیا ہے۔