نئی دہلی، 13 اگست (یو این آئی) مرکزی وزیر تعلیم، حکومت ہند دھرمیندر پردھان نے 12 اگست 2024 کو نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک (این آئی آر ایف) -2024 میں سالانہ درجہ بندی میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے والے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں جامعہ ہمدرد کو یہاں منعقدہ تقریب میں توصیفی سند اور ٹرافی سے نوازا۔
جامعہ ہمدرد کے لیے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ اس نے فارمیسی انسٹی ٹیوشن کے زمرے میں ہندوستان میں دوبارہ اعلی رینک (نمبر 1) حاصل کیا۔ جامعہ ہمدرد نے 2016 میں این آئی آر ایف کے آغاز کے بعد سے چھٹی مرتبہ فارمیسی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ اداروں کو جن نکات و خصوصیات کی بنیاد پر درجہ دیا جاتا ہے وہ ہیں تدریسی وسائل، تحقیق اور پیشہ ورانہ طریقہ کار، گریجویشن کے نتائج، آؤٹ ریچ اور شمولیت، اور تاثر وغیرہ شامل ہیں۔ جامعہ ہمدرد ‘یونیورسٹی’ کیٹیگری میں 40ویں اور مجموعی طور پر 62ویں مقام پر ہے جب کہ’میڈیکل’ کیٹیگری میں اس کی رینکنگ 37 ہے۔ اس نے ‘مینجمنٹ’ میں 78 ویں پوزیشن حاصل کی ہے اور ‘انجینئرنگ’ کیٹیگری میں یہ 300-201 کے رینکنگ بینڈ میں شامل ہے۔
جامعہ ہمدرد کے چانسلر جناب حماد احمد صاحب اور شیخ الجامعہ پروفیسر (ڈاکٹر) محمد افشار عالم نے ڈین، اسکول آف فارماسیوٹیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ، پروفیسر فرحان جلیس احمد، رجسٹرار، ڈاکٹر ایم اے سکندر; ڈائریکٹر،آئی کیو اے سی اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سیل، پروفیسر ایس رئیس الدین؛ ڈپٹی ڈائریکٹر، آئی کیو اے سی پروفیسر محمد شہر یار اور این آئی آر ایف کی ٹیم، تمام اساتذہ، طلباء اور غیر تدریسی عملہ کے ممبران کو اس بڑی کامیابی کے لیے مبارکباد دی۔
پروفیسر (ڈاکٹر) ایم افشار عالم نے عزت مآب مرکزی وزیر تعلیم، حکومت ہند سےاس اعزاز کی سند اور ٹرافی حاصل کرنے کے بعد اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ جامعہ ہمدرد نے ‘فارمیسی’ میں اپنا اوّل درجہ دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے جامعہ ہمدرد کے تمام اسٹیک ہولڈرز پر بھی زور دیا کہ وہ اعلیٰ مقام کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں کریں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جامعہ ہمدرد نے این آئی آر ایف 2024 میں ‘مینجمنٹ’، ‘یونیورسٹی’ اور ‘مجموعی’ کیٹیگریز میں اپنی درجہ بندی کو نمایاں طور پر بہتر کیا ہے۔ پروفیسر افشار عالم نے تمام معیاری اقدامات میں جامعہ ہمدرد کی مسلسل حمایت پر چانسلر حماد احمد صاحب کا شکریہ ادا کیا۔