بنگلورو، تھانے اور پونے میں کیلئے میٹرو ریل پروجیکٹوں کو بھی کابینہ کی منظوری
نئی دہلی، 16 اگست (یو این آئی) مرکزی کابینہ نے جمعہ کو تین شہروں بنگلورو، تھانے اور پونے میں نئے میٹرو ریل پروجیکٹوں اور مغربی بنگال کے باگڈوگرا اور بہار کے بیہٹا میں دو سول ہوائی اڈے کے پروجیکٹوں کو منظوری دی۔ میٹرو ریل کے تینوں پروجیکٹ 2029 تک کام شروع کر دیں گے۔
اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی وشنو نے آج شام وزیر اعظم کی صدارت میں ہونے والی کابینہ کی میٹنگ کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلور میں میٹرو ریل کے تیسرے مرحلے میں 44.65 کلومیٹر لائن تیار کی جائے گی جس پر 15,611 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ اس لائن پر 31 میٹرو اسٹیشن ہوں گے اور اس سے پینیا انڈسٹریل ایریا، بینر گھاٹہ روڈ، آؤٹر رنگ روڈ اور ٹمکور انڈسٹریل ایریا میں آنے جانے میں آسانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ آئی ٹی ہب کے طور پر مشہور شہر بنگلور میں میٹرو ریل کا نیٹ ورک 220 کلومیٹر تک پہنچ جائے گا اور میٹرو سے سفر کرنے والے یومیہ مسافروں کی تعداد 26 لاکھ تک پہنچ جائے گی اور شہر کا نقل و حمل کا نظام بہتر ہوگا۔
مسٹر ویشنو نے کہا کہ تھانے میں انٹیگریٹڈ مدریکا میٹرو ریل پروجیکٹ کے تحت 29 کلو میٹر کی نئی لائن تعمیر کی جائے گی جس پر 12,200 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھانے میٹرو ریل نیٹ ورک کو ممبئی میٹرو ریل نیٹ ورک اور زیر تعمیر بلٹ ٹرین نیٹ ورک سے بھی جوڑا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی پونے میں میٹرو ریل کا نیٹ ورک دوگنا ہو جائے گا۔ کل 22 سٹیشنوں پر مشتمل اس میٹرو روٹ کا تعمیراتی کام 2029 تک مکمل ہو جائے گا جس میں تین کلومیٹر تک کا راستہ زیر زمین ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے پونے میں سوارگیٹ سے کتراج کے درمیان 5.46 کلومیٹر کی نئی لائن کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس سے مارکیٹ یارڈ بیبوواڑی اور بالاجی نگر جیسے علاقوں کو فائدہ ہوگا۔ اس پروجیکٹ پر 2954.53 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور فروری 2029 تک کام شروع ہو جائے گا۔
اس پروجیکٹ کی تعمیر مہاراشٹر حکومت اور مرکزی حکومت کے مشترکہ منصوبے مہا میٹرو کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔
ہوائی اڈے کے منصوبے کے بارے میں مسٹر ویشنو نے بتایا کہ پٹنہ ہوائی اڈے پر بڑھتی ہوئی بھیڑ اور شہر کی مستقبل میں توسیع کی ضروریات کے پیش نظر ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا تقریباً 28 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع بیہٹا میں سول ہوائی اڈے کی ترقی کے ایک نئے منصوبے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ پٹنہ سے اس تجویز کو منظور کر لیا گیا ہے۔ اس پر 1413 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ بہیٹا کے سول ہوائی اڈے پر 66 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر ایک ٹرمینل بلڈنگ تعمیر کی جائے گی، جس میں اوقات کار کے دوران تین ہزار مسافروں کی نقل و حرکت کی سہولت ہوگی۔ بیہٹا ہوائی اڈے کی سالانہ گنجائش 50 لاکھ ہوگی جسے بڑھا کر ایک کروڑ تک کیا جاسکتا ہے۔ اس ہوائی اڈے پر مسافروں کے لیے بیک وقت دس طیارے کھڑے کیے جا سکتے ہیں۔
کابینہ نے باگڈوگرا ایئر فورس اسٹیشن پر ایک نیا سول ایئرپورٹ بنانے کے لیے ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ جس پر 15.49 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ وہاں 70390 مربع میٹر کے رقبے میں ایک ٹرمینل بلڈنگ بنائی جائے گی۔ جس کی گنجائش 300 مسافروں کی ہوگی اور وہاں سے ایک سال میں ایک کروڑ مسافر سفر کرسکیں گے۔