ممبئی 07 اکتوبر (یواین آئی ) اسرائیل ایران کشیدگی اور چین کے محرک پیکج کے دباؤ میں مقامی سطح پر ہرطرف فروخت کی وجہ سے شیئر بازار میں آج مسلسل چھٹے دن گراوٹ نظرآئی اور بازار ڈیڑھ ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔
بی ایس ای کا 30 شیئرز پر مشتمل حساس انڈیکس سینسیکس 638.45 پوائنٹس یا 0.78 فیصد گر کر تقریباً ڈیڑھ ماہ کی کم ترین سطح 81,050.00 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 218.85 پوائنٹس یا 0.87 فیصد گر کر 25 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح سے نیچے 24,795.75 پوائنٹس پر بند ہوا۔ بی ایس ای کی بڑی کمپنیوں کی طرح درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں کے حصص میں بھی زبردست فروخت ہوئی جس کی وجہ سے مڈ کیپ 1.85 فیصد گر کر 47,019.08 پوائنٹس اور اسمال کیپ 3.27 فیصد گر کر 54,117.72 پوائنٹس پر آ گیا۔
اس دوران بی ایس ای میں مجموعی طور پر 4178 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 3422 میں کمی، 636 میں اضافہ جبکہ 120 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسی طرح نفٹی کی 40 کمپنیوں میں فروخت جبکہ 10 کمپنیوں میں خریدار ی ہوئی۔