نئی دہلی ( یو این آئی ) عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجیو اروڑہ کے گھر پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ( ای ڈی ) کے چھاپے کو سیاسی محرک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم صبح سے لے کر شام تک بے قصور لوگوں کو جیل بھیجنے اور انتقامی کارروائی کرنے کا کام کر رہے ہیں۔
مسٹر کیجریوال نے آج کہا کہ ظاہر ہے کہ یہ بدعنوانی کے خلاف چل رہی تحقیقات نہیں ہے۔ انہوں نے سندیپ اروڑہ پر چھاپہ مارا ہے یہ کرپشن کے خلاف تحقیقات نہیں ہے، بلکہ ایسا لگتا ہے جیسے وزیر اعظم نریندر مودی بری طرح کسی پارٹی کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔ ان کے پاس جو بھی طاقت ہے انہوں نے وہ تمام ایجنسیاں اور وسائل ایک جماعت اور اس کے رہنماؤں کو ختم کرنے کے لیے استعمال کیے ہیں لیکن ہم نے کوئی غلط کام نہیں کیا اس لیے ہم کسی چیز سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اگر وزیر اعظم صبح سے شام تک صرف ای ڈی اور سی بی آئی کا استعمال کرکے مخالفین خلاف انتقامی کارروائی کرتے ہیں، بے گناہوں کو جیل میں ڈالتے ہیں تو پورا ملک جانتا ہے کہ وہ صرف ایک آدمی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس کا ایک دوست ہے، وہ صرف اس کے لیے کام کر رہے ہیں ۔ دھیرے دھیرے عوام یہ سمجھنے لگے ہیں کہ وہ کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں ۔ اب ان کا پردہ ہٹا ہے اور ان کا سچ عوام کے سامنے آ رہا ہے کہ عوام کس طرح بے روزگاری، مہنگائی اور ان کی کرپشن سے پریشان ہیں۔
آپ کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی ایک سنگین بیماری کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان کی بیماری کا نام ’’نفرت کی بیماری‘‘ ہے جو کہ ایک لاعلاج مرض ہے۔ وزیر اعظم مودی عام آدمی پارٹی اور اروند کیجریوال سے اس قدر نفرت کرتے ہیں کہ ان کا دن رات ایک ہی مقصد ہے کہ کسی طرح اس پارٹی اور اروند کیجریوال کو تباہ کیا جائے۔ ان کے لیڈروں کو پکڑو اور جیلوں میں ڈالو۔ وزیر اعظم مودی کو بڑی غلط فہمی ہے۔ یہ عام آدمی پارٹی ہے ، ہم ان کی بندر چالوں سے نہیں ڈرتے۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نے منیش سسودیا کو 17 ماہ تک جیل میں رکھا، لیکن ان کے گھر سے ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔ دہلی کے اس وقت کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو 6 ماہ تک جیل میں رکھا گیا۔ وزیراعظم ملک کو بتائیں کہ ان کے گھر سے کیا ملا؟ انہوں نے ستیندر جین کو دو سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں رکھا ہوا ہے۔ جیل میں اس شخص کا 36 کلو وزن کم ہوگیا ہے۔ انہوں نے مجھے 6 ماہ تک جیل میں رکھا۔ وزیر اعظم کے پاس ملک کے روزگار، علاج، تعلیم، ملک کی ترقی اور کسانوں کے لیے وقت نہیں ہے۔آپ کے راجیہ سبھا کے رکن سنجیو اروڑہ نے ایکس پر ای ڈی کے چھاپے کے بارے میں اطلاعات شیئر کیں۔ انہوں نے کہا کہ میں قانون کی پاسداری کرنے والا شہری ہوں، مجھے اس چھاپے کی وجہ نہیں معلوم۔ لیکن میں ایجنسیوں کے ساتھ مکمل تعاون کروں گا اور ان کے تمام سوالات کا جواب دوں گا۔