چندی گڑھ 25 جون (یو ای آئی) پنجاب ویجیلنس بیورو نے بدھ کو شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے رہنما اور سابق وزیر وکرم سنگھ مجیٹھیا کے امرتسر اور چنڈی گڑھ میں ڈرگ اسمگلنگ کیس کے سلسلے میں رہائش گاہوں سمیت مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور اس درمیان بیوروہ کی ٹیم نے مسٹر مجیٹھیا کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق تقریباً 10 سے 15 افسران بشمول سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ویجیلنس) لکھبیر سنگھ آپریشن کے ایک حصے کے طور پر گرین ایونیو علاقے میں مسٹر مجیٹھیا کے گھر پہنچے۔ پنجاب اسٹیٹ کرائم پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ایف آئی آر کی تحقیقات کرنے والی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) اور ویجیلنس بیورو کی تحقیقات میں مسٹر مجیٹھیا کے ذریعہ ڈرگ منی کی بڑے پیمانے پر لانڈرنگ کا انکشاف ہوا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ 540 کروڑ روپے سے زیادہ کی ڈرگ منی کو متعدد طریقوں سے لانڈر کیا گیا ہے جس میں مسٹر مجیٹھیا کے زیر کنٹرول کمپنیوں کے بینک کھاتوں میں 161 کروڑ روپے کی بڑی بے حساب نقدی، مشکوک غیر ملکی اداروں کے ذریعے 141 کروڑ روپے کا چینلائزیشن، کمپنی کے مالیاتی تفصیلات میں وضاحت کے بغیر 236 کروڑ روپے کے اضافی ڈپازٹس اور مسٹر مجیٹھیا کے ذریعہ بغیر کسی جائز ذرائع آمدنی کے منقولہ/ غیر منقولہ اثاثوں کا حصول شامل ہے۔
پنجاب ویجیلنس بیورو کے ایک ترجمان نے آج یہاں بتایا کہ ویجیلنس بیورو نے ایف آئی آر نمبر 2 مورخہ 20 دسمبر 2021 کی تحقیقات کررہی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی رپورٹ کی بنیاد پر معاملہ درج کیا ہے جو سیکشن 25، 27-A اور 29 این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 پی اے ایس پنجاب اسٹیٹ کرائم ، ایس اے ایس نگر کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں مسٹر مجیٹھیا کے ذریعہ ڈرگ منی کی بڑے پیمانہ پر لانڈرنگ کے اشارے دینے والے کافی ثبوت سامنے آئے ہیں۔ ان لین دین کی جانچ ویجیلنس بیورو کر رہی ہے اور ایس آئی ٹی کی طرف سے کی گئی تحقیقات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ رقوم بکرم سنگھ مجیٹھیا کے ذریعہ آسانی سے سرایا انڈسٹریز میں ڈالی گئی ڈرگ منی کی شاکل میں تھی۔
ترجمان نے کہا کہ اب تک 540 کروڑ روپے کی ڈرگ منی کا پتہ چلا ہے جو کہ غیر قانونی طور پر اور ایک ایم ایل اے اور اس وقت کی پنجاب حکومت میں کابینی عہدے پر رہنے والے وزیر بکرم سنگھ مجیٹھیا کے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے پیدا کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بکرم سنگھ مجیٹھیا اور ان کی اہلیہ جنیو کور کے نام پر غیر منقولہ/منقولہ اثاثوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، جس کے لیے آمدنی کا کوئی جائز ذریعہ ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق 22 افراد کی ایس آئی ٹی اور ویجیلنس بیورو کی جانب سے پر تین مقامات پر تلاشی اور ضبطی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں 30 سے زائد موبائل فون، پانچ لیپ ٹاپ، تین آئی پیڈ، دو ڈیسک ٹاپ، کئی ڈائریاں، کئی جائیداد کے دستاویزات اور سرایا انڈسٹریز کے کئی دستاویزات برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بکرم سنگھ مجیٹھیا کو ویجیلنس بیورو کے ذریعہ مناسب طریقہ کار کے بعد قانون کے مطابق گرفتار کیا گیا ہے۔ تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریاں، تلاشیاں اور ضبطیاں کی جائیں گی۔ تمام جمع کیے گئے شواہد کو مجاز عدالت میں عدالتی فیصلے کے لیے پیش کرکے تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔












