آنند (یو این آئی/ہندوستان ایکسپریس نیوز بیورو) جی سی ایم ایم ایف نے امول فریش دودھ کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔جی سی ایم ایم ایف کی طرف سے یہاں جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق امول کے برانڈ نام کے تحت دودھ اور دودھ کی مصنوعات کی مارکیٹنگ کرنے والی گجرات کوآپریٹیو دودھ مارکیٹنگ فیڈریشن (جی سی ایم ایم ایف) نے اپنی مصنوعات کو گجرات کے احمد آباد اور سوراشٹر، دہلی این سی آر ، مغربی بنگال، ممبئی اور ہندوستان کے ان مقامات پر جہاں امول اپنا فریش ملک فروخت کرتا ہے وہاں کے بازاروں میں اس نے 17 اگست 2022 سے دودھ کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔گجرات کے احمد آباد اور سوراشٹر کے بازاروں میں امول گولڈ کی قیمت 31 روپے فی 500 ملی لیٹر، امول فریش 25روپے فی 500 ملی لیٹر اور امول شکتی 28 روپے فی 500 ملی لیٹر ہو گی۔ یہ 2 روپے فی لیٹر اضافہ صرف چار فیصد اضافہ ہے ، جو کہ اشیائے خوردونوش کی اوسط مہنگائی سے کم ہے ۔خیال رہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ دودھ کی پیداوار اور آپریشن کی کل لاگت میں اضافے کی وجہ سے کیا جا رہا ہے ۔ صرف جانوروں کے کھانے کی قیمت میں پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ لاگت کے خرچ کو ذہن میں رکھتے ہوئے امول نے گزشتہ سال کے مقابلے کسانوں کے دودھ کی خریداری کی قیمتوں میں تقریباً 8-9 فیصد اضافہ کیا ہے ۔امول دودھ کی خریداری پر ادا کیے جانے والے ہر روپے میں سے تقریباً 80 پیسے کسانوں کو واپس کیے جاتے ہیں۔ قیمتوں میں ترمیم سے ہمارے دودھ پیدا کرنے والوں کے لیے دودھ کی منافع بخش قیمتوں کو برقرار رکھنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ دودھ پیدا کرنے کی ترغیب دینے میں مدد دے گی ۔اس کے ساتھ ہی مدرڈیری نے بھی دودھ کی قیمت میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔مدر ڈیری نے آج ایک بیان میں کہا کہ پیداوار اور دیگر اخراجات میں اضافے کے پیش نظر انہوں نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ ماہ میں کمپنی کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران خام دودھ کی زرعی قیمتوں میں تقریباً 10-11 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔واضح رہے کہ مدر ڈیری نے اس سے قبل مارچ میں دہلی-این سی آر (قومی دارالحکومت علاقہ) میں دودھ کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا تھا۔مدر ڈیری کے ایک اہلکار نے آج بتایا کہ کمپنی نے 17 اگست 2022 سے دودھ کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نئی قیمتوں کا اطلاق دودھ کے تمام پیکجوں پر ہوگا۔بدھ سے فل کریم دودھ کی قیمت 59 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 61 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ اس کے ساتھ ٹونڈ دودھ کی قیمت 51 روپے فی لیٹر جبکہ ڈبل ٹونڈ دودھ کی قیمت 45 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔گائے کے دودھ کی قیمت 53 روپے فی لیٹر اور ٹوکن دودھ کی قیمت 46 روپے سے بڑھ کر 48 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔کمپنی نے کہا کہ ملک میں موسم گرما کے دوران جانوروں کی خوراک کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ کسانوں سے خریداری کی لاگت میں اضافے کے بوجھ کا صرف ایک حصہ صارفین پر ڈالا جا رہا ہے ۔ کمپنی کی سیلز ریونیو کا تقریباً 75-80 فیصد کسانوں سے دودھ خریدنے پر جاتا ہے ۔