نئی دہلی (ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک/یو این آئی) ترکی میں پیر کو آنے والے تباہ کن زلزلے میں لاپتہ ہونے والے ہندوستانی شہری وجے کمار کی موت ہوگئی ہے۔ وہ مالٹا کے کاروباری دورے پر تھے۔ہندوستانی سفارت خانے نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ترکی میں ہندوستانی سفارت خانے نے ٹویٹ کیا کہ وہ لاش کو وطن واپس لانے کے انتظامات کر رہا ہے۔
ہندوستانی سفارت خانے نے ٹویٹ کیا، "ہم افسوس کے ساتھ مطلع کرتے ہیں کہ ترکی میں گزشتہ 6 فروری کے زلزلے کے بعد سے لاپتہ ہندوستانی شہری وجے کمار کی لاش مالٹیا کے ایک ہوٹل کے ملبے کے درمیان سے ملی ہے اور ان کی شناخت کی گئی ہے، جہاں وہ ایک کاروباری دورے پر تھے۔ہندوستانی سفارت خانے نے کہا ، "ان کے اہل خانہ اور عزیزوں کے ساتھ ہماری گہری تعزیت ہے، ہم ان کے جسد خاکی جلد از جلد ان کے اہل خانہ تک پہنچانے کے انتظامات کر رہے ہیں۔”
وزارت خارجہ نے 8 فروری کو کہا تھا کہ ایک ہندوستانی لاپتہ ہے اور پیر کو ملک میں آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد سے اس کا کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے اور وزارت خارجہ بنگلورو میں اس کے خاندان اور کمپنی کے ساتھ رابطے میں ہے۔ جہاں وہ کام کرتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وجے کمارکا تعلق اتراکھنڈ سے ہے،وہ بنگلورو میں قائم ایک کمپنی میں کام کرتا تھا اور وہ ترکی کے کاروباری دورے پر تھا۔ اسے ایک ہوٹل کے ملبے کے نیچے سے نکالا گیا۔ یہ علاقہ تباہ کن زلزلے سے شدید متاثر ہوا تھا۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ہندوستانی سفارتخانے کے اہلکاروں کے حوالے سے بتایا کہ تاجر کی شناخت اس کے ایک ہاتھ پر لفظ "اوم” کے ٹیٹو سے کی گئی. جمعہ کو اس کے کپڑے ملے تھے۔
ذہن نشیں رہے کہ ترکی میں مقیم ہندوستانیوں کی تعداد تقریباً 3,000 ہے، جن میں سے تقریباً 1,800 استنبول اور اس کے آس پاس رہتے ہیں، جب کہ 250 انقرہ میں ہیں اور باقی پورے ملک میں پھیلے ہوئے ہیں۔
پیر کو ترکی اور شام میں 7.8 شدت کے زلزلے نے ہلا کر رکھ دیا، جس سے ہزاروں ڈھانچے منہدم ہو گئے، نامعلوم تعداد میں لوگ پھنس گئے اور ممکنہ طور پر لاکھوں متاثر ہوئے۔ مرنے والوں کی تعداد 25,000 ہے اور اس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔