حیدرآباد: یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیوا سینا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حیدرآباد پولیس کی جانب سے بنجارہ ہلز میں واقع یوتھ کانگریس کے وارروم پر کل رات دیر گئے دھاوا کرتے ہوئے کمپیوٹرس، ہارڈ ڈسک اور موبائیل فونس ضبط کرلئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سادہ لباس میں پولیس ملازمین وارروم پہنچے جن میں سے ایک نے اپنا تعارف سب انسپکٹر نریش کے طور پر کرایا۔ پولیس نے تقریباً ایک گھنٹہ تک وار روم کی تلاشی لی۔ سوشیل میڈیا ٹیم کے ایم راجیش کے مطابق پولیس نے تلاشی وارنٹ کا دعویٰ کیا لیکن اس کی نقل حوالے نہیں کی۔سیاست نیوز کی خبر کے مطابق شیوا سینا ریڈی نے کہا کہ کمپیوٹرس میں کئی اہم معلومات اور دستاویزات موجود تھے جو پارٹی کی حکمت عملی سے متعلق تھے۔ کرناٹک کی انتخابی مہم میں تلنگانہ یوتھ کانگریس کی سوشیل میڈیا ٹیم نے اہم رول ادا کیا تھا۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال ڈسمبر میں پولیس نے کانگریس کے حکمت عملی ساز کے سنیل کے آفس پر دھاوا کرتے ہوئے کمپیوٹرس اور دیگر دستاویزات ضبط کئے تھے۔ شیوا سینا ریڈی کے مطابق پولیس نے اتم کمار ریڈی کی جانب سے کی گئی شکایت کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا میں اتم کمار ریڈی کے خلاف مہم پر جو شکایت کی گئی تھی طویل عرصہ بعد اس کا بہانہ بناکر پولیس نے دھاوا کیا۔ انہوں نے کہاکہ جس ٹیلی فون نمبر سے یہ مہم چلائی گئی اس کا پتہ چلانے کے بجائے پولیس کا وار روم پر دھاوا کرنا افسوسناک ہے۔ وارروم میں تمام اضلاع سے متعلق یوتھ کانگریس کی تفصیلات درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس کو انتخابی حکمت عملی سے دور رکھنے کیلئے یہ دھاوا کیا گیا۔