نئی دہلی:جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کمپوٹر انجینرئنگ ڈپارٹمنٹ نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر مورخہ اکتیس مئی دوہزار تیئس کو ’ٹکنالوجی اور ای۔ویسٹ مینجمنٹ‘ کے موضوع پر ایک توسیعی کا انعقاد کیا۔ڈاکٹر انویشا بورتھاکرنے یہ توسیعی خطبہ دیا۔ڈاکٹر انویشا،میری ایسکلوڈوسکا کیوری پوسٹ ڈاکٹرل فیلو ہیں جو سردست بلجیم کی یونیورسٹی کاتھولیکے یونیورسی ٹیٹ لووین (کے یو،لووین) میں بطور محقق اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔
انھیں ای۔ویسٹ مینجمنٹ اور اس سے متعلقہ پالیسیوں پر کام کرنے کا ایک دہائی سے زیادہ کا تجربہ ہے۔نیز انھوں نے سرکولر سسٹم کے تئیں ٹکسٹائل ویسٹ مینجمنٹ کے پیداوار،کھپت اور ٹکسٹائل کی مصنوعات کو تلف کرنے سے متعلق تینوں مراحل پر بھی کام کیا ہے۔اجلاس میں شامل اراکین کا صدر شعبہ پروفیسر بشیر عالم نے خیر مقدم کیا۔ ڈاکٹر انویشا کی طرف سے کم وقت پر مدعو کیے جانے کے باوجود لیکچر کی دعوت قبول کرنے پر ان کا دل کی گہرائیوں سے صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر انویشا نے دنیا میں ای۔ویسٹ کے مسئلے کی موجودہ صورت حال اور خاص کر بر صغیر ہند میں اس کے مسائل سے سامعین کو روشناس کرایا۔انھوں نے اپنی تقریر میں اس مسئلے کے صنعتی اور سماجی محرکات و عوامل پر بات کی۔اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے سرکاری سطح پر مختلف ممالک جو پالیسیاں وضع کررہے ہیں انھیں اجاگر کیا۔
توسیعی خطبے میں شعبہ کے پی ایچ ڈی اسکالرز، پوسٹ گریجویشن اور انڈر گریجویشن کے طلبا شریک ہوئے۔اجلاس کافی مذاکراتی رہا کیوں کہ سامعین نے مدعو مقرر سے کئی اہم سوالا ت پوچھے۔ پروگرام کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر سرفراز مسعود کے اظہار تشکر کے ساتھ توسیعی خطبہ کا پروگرام اختتام پذیر ہوا۔












