رامپور۔ ( ذیشان مراد علیگ) شہر کے معروف ادبی ادارے صولت پبلک لائبریری کی مجلس مشاورت کا سالانہ بجٹ اجلاس لائبریری کے الحاج حمایت اللہ خاں ہال میں منعقد ہوا ۔ ارکان مجلس مشاورت نے باہمی تبادلہ خیال کے بعد اتفاق رائے سے سال 2023-24 کے بجٹ کو پاس کر دیا ۔ بعد ازاں سبھی ارکان نے مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سیکریٹری و سینیر وکیل ظفریاب جیلانی ، معروف ادبی و سماجی شخصیت طارق جبار خاں المعروف ببلو صاحب اور معروف شاعر تنویر سحری کے سانحہ ارتحال پر اپنے شدید رنج و غم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صولت پبلک لائبریری کے صدر ڈاکٹر محمود علی خاں نے ظفریاب جیلانی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے ایک قابل و قوم پرست سیاستداں کھو دیا ۔ مرحوم ایک بے باک اور نڈر وکیل تھے ۔ صدر صولت لائبریری نے طارق جبار خاں کو ایک علمی ، ادبی اور بہترین سماجی شخصیت قرار دیتے ہوئے شعبہ تعلیم کے ایک قابل استاد بھی بتایا ۔
صولت لائبریری کے سیکریٹری ڈاکٹر عدنان ضیائی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دبستان رامپور کے استاد شاعر حضرت مرزا عابد علی بیگ ” سحر رامپوری ” کے صاحبزادے معروف شاعر تنویر سحری کو خلوص اور رواداری کا پیکر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم تنویر سحری اتحاد المسلمین کے علم بردار رہے اور ان کے کلام میں بھی جزبہ اتحاد نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔ مرحوم کو نعت و منقبت اور سلام کی محفلوں میں شاعر اہل بیت اطہار کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ وہ اکثر ایسی پاکیزہ اور روحانی محفلوں کی نظامت کے فرائض بھی انجام دیتے تھے۔