شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر نے بھونیشور کے لیے پرواز کو ہری جھنڈی دکھائی
نئی دہلی، 31 اگست (یو این آئی) شہری ہوا بازی کے مرکزی وزیر جیوترادتیہ ایم سندھیا نے جمعرات کو اڈیشہ میں اتکیلا ہوائی اڈے کا افتتاح کیا اور اتکیلا و بھونیشور کے درمیان براہ راست پرواز کو ہری جھنڈی دکھائی۔اس نئے ہوائی اڈے سے انڈیا ون ایئر لائن آج (31 اگست) سے اس روٹ پر پروازیں شروع کرے گی۔ اس کے لیے کمپنی اڑان اسکیم کے تحت منظور شدہ 9 سیٹر سیسنا سی-208 طیارے کا استعمال کرے گی۔افتتاحی تقریب کا انعقاد ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کیا گیا جس میں شہری ہوا بازی کے وزیر مملکت جنرل وجے کمار سنگھ (ریٹائرڈ) موجود تھے۔شہری ہوا بازی کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق، اتکیلا ہوائی اڈہ اڈیشہ حکومت کی ملکیت ہے۔ اسے مرکز کی اڑان اسکیم کے تحت علاقائی ہوائی اڈے کے طور پر 31.07 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔
Union Minister @JM_Scindia inaugurates Utkela Airport, and direct flight between Utkela and Bhubaneshwar
— PIB India (@PIB_India) August 31, 2023
Developed as a regional airport under the #UDAN scheme
Read here: https://t.co/snMbDgL2w3 pic.twitter.com/WNjwJkZKYq
اتکیلا ہوائی اڈے کا رن وے 917 میٹر لمبا اور 30 میٹر چوڑا ہے۔ اس کے شروع ہونے سے ریاست میں اب پانچ ہوائی اڈے ہوگئے ہیں۔مسٹرسندھیا نے کہا کہ اتکیلا سے بھونیشور تک سڑک کے ذریعے سفر کرنے میں تقریباً آٹھ گھنٹے لگتے ہیں۔ ہوائی جہاز سے یہ فاصلہ ایک گھنٹہ بیس منٹ میں طے کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کالاہانڈی ریجن کے لیے ایک نئی شروعات ہوگی کیونکہ معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور روزگار کے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے۔مسٹر سندھیا نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست میں شہری ہوا بازی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے اڈیشہ حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔راجیہ سبھا کے رکن سوجیت کمار، لوک سبھا کے رکن مسٹربسنت کمار پانڈا، اڈیشہ کے وزیر تکونی ساہو، شہری ہوا بازی کی وزارت کے سکریٹری راجیو بنسل، اڈیشہ حکومت کی پرنسپل سکریٹری اوشا پادھی اور انڈیا ون کے سی ای او ارون کمار سنگھ بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔