نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے کی گرفتاری کے خلاف دہلی، چندی گڑھ اور راجستھان میں مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔عام آدمی پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے دہلی میں بی جے پی ہیڈکوارٹر پر مظاہرہ کیا۔اس مظاہرے میں پولیس کے ساتھ نعرے بازی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ دہلی پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے بھاری رکاوٹیں کھڑی کر دی تھیں اور بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی تھی۔چندی گڑھ میں عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کے احتجاج پر پولیس نے پانی کی بوچھار کرنا پڑی اور آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیاگیا۔ادھرہماچل پردیش، اروناچل پردیش سمیت ملک کے کئی دوسرے حصوں میں بھی عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا۔

خیال رہے کہ بدھ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سنجے سنگھ کے گھر پر چھاپہ مارا اور دس گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد شام کو انہیں گرفتار کر لیا۔ تمام اپوزیشن لیڈروں نے سنجے سنگھ کی گرفتاری کی مذمت کی ہے اور اسے انتقامی سیاست سے متاثر قرار دیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے رہنما اور دہلی حکومت میں وزیر آتشی نے کہا کہہم بی جے پی کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ ملک کے سامنے سنجے سنگھ کی ایک روپے کی بدعنوانی کا بھی انکشاف کرے۔ادھراے اے پی ایم ایل اے دلیپ پانڈے نے کہا کہ مودی حکومت نے اپنے اسٹار پرچارک – ای ڈی اور سی بی آئی – کو اپوزیشن لیڈروں کے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
دہلی حکومت کے وزیر گوپال رائے نے کہا کہ بی جے پی کے ترجمان وہی دھن گا رہے ہیں جو وہ ایم سی ڈی انتخابات سے پہلے گا رہے تھے۔ جس طرح ایم سی ڈی الیکشن ہاری تھی، اسی طرح بدعنوان مودی حکومت آئندہ لوک سبھا انتخابات بھی انڈیا الائنس سے ہارے گی۔