آکولہ (ڈاکٹر زبیر ندیم) رمضان المبارک کا مقدس مہینہ امت مسلمہ کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے – روزہ داروں کے لئے مسجدوں میں افطار پارٹیوں کے اہتمام کئے جاتے ہیں – اسی موقع کی مناسبت سے اور ملک میں نفرت کے خاتمے اور قومی یکجہتی کے مقصد کو مد نظر رکھتے ہوئے آزاد ہاؤسنگ سوسائٹی، آزاد کالونی نے 9 اپریل 2023 کی شام مقامی آزاد کالونی مسجد میں تمام مذاہب کے لوگوں کے لیے افطار پارٹی، مسجد کے تعارف کے پروگرام کا انعقاد کیا جس میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں نے شرکت کی اور سب نے مل کر مسجد میں ایک ساتھ افطار کیا۔
جناب شریرنگ باپو سنس صاحب (پولس انسپکٹر، کھدان پولیس اسٹیشن،آکولہ) کی صدارت میں منعقدہ اس پروگرام میں انوش منور سر (پرنسپل، نویل اسکول)،انول وجئے منور سر، منظور ندیم صاحب (سابق سیشن جج) اور رفیق صدیقی صاحب (سابق ڈپٹی میئر) بطور مہمانان خصوصی موجود تھے۔
پروگرام کا آغاز مفتی وسیم صاحب اور یونس خان صاحب نے تلاوت قرآن سے کیا، جس کے بعد امین اللہ خان صاحب نے مسجد کا تعارف کراتے ہوئے قومی یکجہتی پر بات کی اور ماہ رمضان میں روزے رکھنے کے مقاصد بتائے۔ صدارتی تقریر میں تھانیدار صاحب نے افطار پارٹی کے اس پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام بار بار منعقد ہونے چاہئے تاکہ مذاہب کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر زبیر ندیم نے انجام دئے اور رفیق صدیقی صاحب نے مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ مسجد کے تعارف کے بعد مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس بات کو تسلیم کیا کہ مسجد میں آکر انکی بہت سی غلط فہمیاں دور ہوئی نیز مسلم معاشرہ کے لوگوں کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے دیتے ہوئے معاشرے میں اتحاد برقرار رکھنے کا عہد کیا۔ آزاد کالونی اور آس پاس کے لوگوں کی کثیر تعداد نے اس پروگرام کو کامیاب بنادیا –
آزاد ہاؤسنگ سوسائٹی کے عہدیداران اور آزاد کالونی کے نوجوانوں نے اس پروگرام کے انعقاد میں نمایاں کردار ادا کیا –