علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں داخلے کے لئے بیچلر آف ٹکنالوجی (بی ٹیک) ؍ بیچلر آف آرکیٹیکچر (بی آرک) کورسز کا مشترکہ داخلہ امتحان اتوار کو علی گڑھ سمیت کولکاتہ، لکھنؤ، پٹنہ، سری نگر اور کوزی کوڈ میں مختلف مراکز پر اور بی اے ایل ایل بی کا داخلہ امتحان کوزی کوڈ اور اے ایم یو کے ملاپورم اور مرشدآباد مراکز پر خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوا ۔صبح کی شفٹ میں ہونے والے بی ٹیک؍بی آرک داخلہ امتحان میں 11152 امیدوار شامل ہوئے ۔ درخواست دہندگان کی تعداد 13401 تھی، جب کہ سہ پہر میں ہونے والے بی اے ایل ایل بی داخلہ امتحان کے لئے 4761 امیدواروں نے فارم پُر کئے تھے ۔اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے یونیورسٹی کیمپس میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی بھی تھے۔
کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر مجیب اللہ زبیری نے بتایا کہ علی گڑھ اور باہر کے مراکز پر داخلہ امتحانات خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوئے۔ سنٹروں پر اساتذہ کو مشاہد اور انچارج کے طور پر مقرر کیا گیا تھا ۔امیدواروں اور ان کے سرپرستوں کی رہنمائی اور مدد کے لئے یونیورسٹی کے این ایس ایس رضاکاروں اور اے ایم یو کے عملے کے اراکین نے ریلوے اسٹیشن پر اور یونیورسٹی میں مختلف مقامات پر خصوصی کیمپ لگائے تھے۔ رضاکار تنظیموں کی طرف سے بھی امدادی کیمپ لگائے گئے تھے ۔