نئی دہلی (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو یہاں ایک پروگرام میں نارکو کوآرڈینیشن سینٹر کی 7ویں اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی اور نیشنل نارکوٹکس ہیلپ لائن ‘مانس’ کی شروعات کرنے کے ساتھ ساتھ سری نگر میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے علاقائی دفتر کا ورچوئل طور پر افتتاح کیا۔مسٹر شاہ نے بیورو کی ‘سالانہ رپورٹ 2023’ اور ‘نشے سے پاک ہندوستان’ پر ایک کتابچہ بھی جاری کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ منشیات کے خلاف لڑائی نے بہت سنجیدگی اختیار کی ہے اور ہم اسے ایک مہم کے طور پر آگے لے جانے میں کامیاب رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اصل لڑائی اب شروع ہوئی ہے کیونکہ ہم اس لڑائی میں اب فیصلہ کن موڑ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ لڑائی اس وقت تک نہیں جیت سکتے جب تک کہ ملک کا ہر 35 سال سے کم عمر کا شہری اس لڑائی کو لڑنے کا عزم نہ کرے اور 35 سال سے زیادہ عمر کا ہر شہری ہماری رہنمائی کا عزم نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاریں یہ لڑائی اکیلے نہیں جیت سکتیں لیکن اس لڑائی کو ملک کے 130 کروڑ عوام کے درمیان لے جانے کی سوچ ہونی چاہئے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے 2047 میں آزادی کی صد سالہ تقریب کے موقع پر تمام ہم وطنوں کے سامنے ہندوستان کو دنیا کے ہر شعبے میں پہلا بنانے کا ہدف رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے دور رکھ کر ہی اس ہدف کا حصول ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف یہ لڑائی بہت اہم ہے اور اسے سنجیدگی اور ترجیح کے ساتھ لڑنے کی ضرورت ہے۔