پٹنہ(یواین آئی) بہار قانون ساز کونسل کے دو سالہ انتخابات 2024 کے لیے عظیم اتحاد نے آج پانچ امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔مذکورہ معلومات دیتے ہوئے پارٹی کے ترجمان چترنجن گگن نے کہا کہ پارٹی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ کے ذریعہ جاری کردہ فہرست کے مطابق آر جے ڈی کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ مسز رابڑی دیوی، سابق وزیر عبدالباری صدیقی، سید فیصل علی،ڈاکٹر مسزارمیلا ٹھاکر، اور سی پی آئی ایم ایل کی جانب سے ششی یادو کو عظیم اتحادکا امیدوار بنایا گیا ہے۔
آر جے ڈی کے ترجمان نے کہا کہ اس فہرست کو پارٹی کے قومی صدر لالو پرساد اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے اتحاد کے لیڈروں کے ساتھ بات چیت کے بعد حتمی شکل دی ہے۔
آر جے ڈی کے ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر ارمیلا ٹھاکر پارٹی کی پرانی کارکن رہی ہیں اور پارٹی کی ریاستی جنرل سکریٹری اور ریاستی خواتین سیل کی صدر رہ چکی ہیں۔ اس وقت وہ پارٹی کی ریاستی ترجمان ہیں۔ سید فیصل علی طویل عرصے سے پارٹی سے وابستہ ہیں اور 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں شیوہر سے آر جے ڈی کے امیدوار رہے ہیں۔ ششی یادو 80 کی دہائی سے ہی طلبہ سیاست کے ذریعے سیاست میں آئی تھیں اور گزشتہ اسمبلی انتخابات میں دیگھا اسمبلی حلقہ سے عظیم اتحاد کی امیدوار تھیں۔آر جے ڈی ترجمان نے کہا کہ عظیم اتحاد نے خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت میں خواتین کو پانچ میں سے تین نشستیں دے کر ایک معنی خیز پہل کی ہے۔