اڑسٹھ سالہ السیسی تیسری مدت کے لیے قسمت آزمانے کی تیاری میں
قاہرہ: مصر میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ 10 اور 12 دسمبر کو ہو گی اور صدر عبدالفتاح السیسی کے دوبارہ انتخاب جیتنے کی توقع ہے۔ مصر کے الیکشن حکام نے صدارتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج کا اعلان 23 دسمبر کو متوقع ہے اور دوسرے مرحلے میں صدارتی انتخاب کی صورت میں حتمی نتائج کا اعلان 16 جنوری کو کیا جائے گا۔ اڑسٹھ سالہ السیسی 2019 میں کی گئی آئینی ترمیم کی وجہ سے تیسری مدت کے لیے انتخاب لڑ سکتے ہیں۔اس کے تحت صدارتی مدت چار سال سے بڑھا کر چھے سال کر دی گئی تھی۔جیت کی صورت میں ان کے لیے کم سے کم 2030 تک عہدے پر برقرار رہنے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔
اگرچہ السیسی نے باضابطہ طور پر آیندہ صدارتی انتخابات میں امیدوار ہونے کا اعلان نہیں کیا ہے، لیکن حکومت کی حامی جماعتوں نے قاہرہ کے ارد گرد بل بورڈز سمیت ان کے دوبارہ انتخاب کی حمایت میں پہلے ہی مہم شروع کردی ہے۔عبدالفتاح السیسی کو 2014 اور 2018 میں منعقدہ صدارتی انتخابات میں 97 فی صد ووٹوں کے ساتھ فاتح قرار دیا گیا تھا۔چار دیگر امیدواروں نے اس بار انتخاب لڑنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ان میں سب سے نمایاں سابق رکن پارلیمان احمدالطنطاوی ہیں۔سابق آرمی چیف السیسی 2014 میں الاخوان المسلمون کے منتخب صدر محمد مرسی کا تختہ الٹنے کے ایک سال بعد صدر بنے تھے۔انھوں نے محمد مرسی کو 2013ء میں معزول کردیا تھا اور ان کی جگہ اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔