نئی دہلی/ممبئی: ہندوستانی فلم نگری کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی بہن سعیدہ طویل عرصہ بیمار رہنے کے بعد انتقال کرگئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دلیپ کمار کی بہن سعیدہ کی طبیعت کافی عرصے سے خراب چلی آرہی تھی، وہ گزشتہ روز بیماری سے طویل عرصہ لڑنے کے بعد جہانِ فانی سے کوچ کرگئیں۔ سعیدہ نے نامور اداکار محبوب کے صاحبزادے اقبال سے شادی کی تھی، وہ زندگی کی آخری سانس تک ممبئی میں مقیم رہیں۔2018ء میں شوہر کے انتقال کے بعد سے اُن کا خیال صاحبزادی اور بیٹا ثاقب رکھ رہے تھے۔سعیدہ کے انتقال کی خبر پر پورا خاندان سوگوار ہے تاہم لیجنڈ اداکار کی بیوہ سائرہ بانو نے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔سعیدہ کے شوہر اقبال محبوب اسٹوڈیو کے ٹرسٹی اور مشہور فلم میکر تھے۔
ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دلیپ کمار کی بہن سعیدہ طویل عرصے سے بیمار تھیں۔ وہ طویل علالت میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئیں۔ سعیدہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے بھائی دلیپ کے بہت قریب تھیں،مگر حیرت انگیز بات میڈیا میں یہ بھی آرہی ہے کہ سعیدہ کے انتقال پر ان کی بھابھی اور دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ وہ اکثر سوشل میڈیا پر پرانی تصاویر پوسٹ کرتی رہتی ہیں،مگراپنی بھابھی کی موت پرانہوں نے نہ تو کوئی پوسٹ شیئر کی ہے اور نہ ہی میڈیا میں ان کا کوئی بیان آیا ہے۔
سعیدہ بہت نرم دل انسان تھیں۔ ایک پرانی رپورٹ کے مطابق 2014 میں ان کے بہنوئی شوکت خان نے فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز کو محبوب اسٹوڈیو کے کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لیے 10 لاکھ روپے کا چیک دیا تھا۔ اس دوران فیڈریشن کے ٹرسٹی اور فلم میکر ساجد ناڈیاڈوالا بھی موجود تھے۔ ان کے لیے ایک تعزیتی اجلاس 26 ستمبر کو محبوب اسٹوڈیو میں منعقد ہوگا۔