لندن: غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف لندن میں بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوا جہاں ہزاروں مظاہرین نے پارلیمنٹ اسکوائر سے ہائیڈ پارک کی طرف مارچ کیا۔ اسرائیلی وحشیانہ مظالم کے خلاف فلسطین سالیڈیرٹی کمپین کی کال پر لندن میں 13واں بڑا احتجاج ہوا۔مظاہرے میں شریک افراد پارلیمنٹ اسکوائر کے پاس جمع ہو کر ہائیڈ پارک کی طرف روانہ ہوئے۔
مظاہرین نے فوری جنگ بندی اور غزہ میں امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کے ساتھ برطانوی حکومت سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت سے متعلق اپنی پالیسی تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔سینٹرل لندن میں مظاہروں کے موقع پرامن و امان قائم رکھنے کےلیے پولیس کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
ادھر غزہ کی وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز بتایا کہ فلسطینی علاقے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان چھ ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے دوران کم از کم 34,388 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی کم از کم 32 ہلاکتیں شامل ہیں۔ نیز بیان میں کہا گیا کہ سات اکتوبر کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے غزہ کی پٹی میں 77,437 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔