سری نگر12 ستمبر(یو این آئی)فوجی سربراہ جنرل اوپیندرا دیویدی جمعرات کی شام کو اچانک سری نگر پہنچے اور یہاں سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔معلوم ہوا ہے کہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر فوجی سربراہ کا کشمیر دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔
جمعے کے روز فوجی سربراہ شمالی کشمیر میں اگلی چوکیوں کا دورہ کریں گے اور وہاں پر ایل او سی کی صورتحال کا بچشم جائزہ لیں گے۔اطلاعات کے مطابق آرمی چیف جنرل اوپیندرا دیویدی جمعرات کی شام سری نگر پہنچے اور راج بھون میں منوج سنہا کے ساتھ ملاقات کی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوجی سربراہ کے ہمراہ شمالی کمان کے چیف سوچندر کمار اور کور کمانڈر راجیو گھائی بھی ساتھ تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی سربراہ نے بادامی باغ فوجی چھاونی میں جموں وکشمیر کے سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا جس دوران انہیں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظرفوجی سربراہ ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال پر بھی سینئر آفیسران کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحد پر اٹھارہ اسمبلی حلقے شامل ہیں جن میں کشمیر صوبے میں کرناہ ، لولاب ، اوڑی اور گریز شامل ہیں جبکہ جموں میں مینڈھر ، پونچھ حویلی ، پونچھ سرنکوٹ، تھانہ منڈی ، نوشہرہ ، سندر بنی اور کالاکوٹ بھی ایل او سی کے ساتھ واقع ہیں۔جموں کے پانچ حلقے آر ایس پورہ ، سوچیت گڑھ، بشنا، رام گڑھ، ہیرا نگر بھی بین الاقوامی سرحد کے ساتھ آتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایل او سی کے ساتھ اٹھارہ اسمبلی حلقوں میں پر امن اور منصفانہ چناو کو یقینی بنانے کی خاطر پولیس کے ساتھ ساتھ فوج نے بھی سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے ہیں اور اس سلسلے کی ایک کڑی کے تحت فوجی سربراہ ان علاقوں میں سیکورٹی کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔