جموں(یواین آئی)جموں میں دو بم دھماکوں کے بعد سری نگر جموں شاہراہ پر جگہ جگہ فوج کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔صوبہ جموں میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر سیکورٹی فورسز کو انتہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں میں دو دھماکوں کے بعد سری نگر جموں شاہراہ پر جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیاگیا۔ذرائع کے مطابق شاہراہ پر پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے ساتھ ساتھ فوج کو بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایاجاسکے۔جموں شہر میں بھی سیکورٹی کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں جس کے پیش نظر شہر بھر میں ناکوں کا جال بچھایا گیا جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ راجوری ، پونچھ ، کشتواڑ اضلاع کے سرحدی علاقوں میں فوج کو الرٹ پر رہنے کے احکامات صادر کئے گئے۔کسی بھی ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کے لئے ضلع جموں اور اس کے گردونواح میں بھی پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ تمام اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ بازوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
جموں صوبے کے اطراف واکناف بالخصوص مختلف اضلاع کو سرمائی دارالحکومت کے ساتھ جوڑنے والی سڑکوں پر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے خصوصی ناکے بٹھائے گئے ہیں جہاں چھوٹی بڑی گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ شناختی کارڈ چیک کئے جاتے ہیں۔
جہاں دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر تعینات فوجیوں کو الرٹ حالت میں رکھا گیا ہے، وہیں میدانی علاقوں میں جنگجووں کی سرگرمیوں پر بریک لگانے کے لئے تلاشیوں اور گشت کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جموں کے سبھی پولیس اسٹیشنوں میں تعینات عملے کو ہائی الرٹ پر رہنے کے احکامات جاری کئے گئے۔دریں اثنا اتوار کے روز سیکورٹی فورسز نے کشتواڑ بس اسٹینڈ کو محاصرے میں لے کر سراغ رساں کتوں کی مدد سے گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی۔فوج نے لوگوں کو آگاہ کیا کہ وہ مشتبہ افراد کی نقل وحرکت کے بارے میں مقامی پولیس تھانے کو فوری طورپر مطلع کریں۔