رانچی، 09 اگست (یواین آئی) عدالت نے جھارکھنڈ کے سابق وزیر اور کانگریس ایم ایل اے عالمگیر عالم کو راحت دینے سے انکار کرتے ہوئے آج ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ٹینڈر گھپلےکے الزام میں جیل میں بند مسٹر عالم کی درخواست ضمانت یہاں کی ایم اے پی ایم ایل اے کورٹ نے مسترد کر دی۔ مسٹر عالم نے 18 جولائی کو خصوصی ای ڈی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ عالمگیر عالم کو ای ڈی نے 15 مئی کو پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی نے مسٹر عالم کے سکریٹری کے نوکر کے ٹھکانے سے 35 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم برآمد کی تھی۔ اس کے بعد ای ڈی نے سکریٹری سنجیو لال کے دفتر سے کچھ رقم برآمد کرکے انہیں گرفتار بھی کیا تھا۔ ان دونوں کو گرفتار کرنے کے بعد ای ڈی نے سابق وزیر مسٹر عالم کو گرفتار کیا تھا۔












