نئی دہلی، 09 فروری (یو این آئی) راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکڑنے جمعہ کو ایوان کو بتایا کہ حکومت نے سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ، عظیم زرعی سائنسدان ایم ایس سوامی ناتھن اور سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کو بھارت رتن سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔
ایوان کو مطلع کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ایکس پر اپنی پوسٹ میں یہ اعلان کیا۔ مسٹر مودی نے کہا کہ یہ ہماری حکومت کی خوش قسمتی ہے کہ ملک کے سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ جی کو بھارت رتن سے نوازا جا رہا ہے۔ یہ اعزاز ملک کے لیے ان کی بے مثال خدمات کے لیے وقف ہے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی کسانوں کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ چودھری چرن سنگھ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ ہوں یا ملک کے وزیر داخلہ اور یہاں تک کہ ایک ممبر اسمبلی کے طور پر، انہوں نے ہمیشہ قوم کی تعمیر کو تحریک دی۔ وہ ایمرجنسی کے خلاف بھی مضبوطی سے کھڑے رہے۔ ہمارے کسان بھائیوں اور بہنوں کے لیے ان کی لگن اور ایمرجنسی کے دوران جمہوریت کے لیے ان کی وابستگی پورے ملک کے لیے متاثر کن ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا "یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہمارے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کو بھارت رتن سے نوازا جائے گا۔ ایک ممتاز دانشور اور سیاست دان کے طور پر مسٹر راؤ نے مختلف حیثیتوں میں ہندوستان کی وسیع پیمانے پر خدمت کی۔ انہیں غیر منقسم آندھرا پردیش کے وزیراعلی ، ایک مرکزی وزیر اور کئی برسوں تک ممبر پارلیمنٹ اور اسمبلی کے طور پر ان کے کام کے لئے یکساں طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ "ان کی دور اندیش قیادت نے ہندوستان کو معاشی طور پر ترقی یافتہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس نے ملک کی خوشحالی اور ترقی کی ایک مضبوط بنیاد رکھی۔” ا
مسٹر مودی نے کہا کہ وزیر اعظم کے طور پر مسٹر راؤ کا دوراقتدار اہم اقدامات سے نشان زد تھا جنہوں نے ہندوستان کو عالمی منڈیوں کے لیے کھولا۔ اس طرح اقتصادی ترقی کے ایک نئے دور کو فروغ دیا۔ مزید برآں، ہندوستان کی خارجہ پالیسی، زبان اور تعلیم کے شعبوں میں ان کی شراکتیں ایک رہنما کے طور پر ان کی کثیر جہتی میراث کی نشاندہی کرتی ہیں جنہوں نے نہ صرف ہندوستان کی اہم تبدیلیوں کے ذریعے قیادت کی بلکہ اس کی ثقافتی اور فکری وراثت کو بھی تقویت بخشی۔
مسٹر مودی نے کہا "یہ بے حد خوشی کی بات ہے کہ حکومت ہند ڈاکٹر ایم ایس سوامی ناتھن کو ہمارے ملک میں زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود میں ان کے نمایاں رول کے لیے بھارت رتن سے نواز رہی ہے۔ انہوں نے مشکل وقت میں زراعت میں خود انحصاری حاصل کرنے میں ہندوستان کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور ہندوستانی زراعت کو جدید بنانے کی طرف شاندار کوششیں کیں۔ ہم ان کے انمول کام کو ایک جدت پسند اور سرپرست کے طور پر اور بہت سے طلباء میں سیکھنے اور تحقیق کی حوصلہ افزائی میں بھی تسلیم کرتے ہیں۔ ڈاکٹر سوامی ناتھن کی دور اندیش قیادت نے نہ صرف ہندوستانی زراعت کو تبدیل کیا ہے بلکہ ملک کی غذائی تحفظ اور خوشحالی کو بھی یقینی بنایا ہے۔ وہ ایک ایسا شخص تھا جسے میں قریب سے جانتا تھا اور میں نے ہمیشہ ان کی بصیرت اور ان پٹ کی قدر کی۔