رائے پور ( یو این آئی) چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے ریاست میں دوبارہ کانگریس کی حکومت بننے پر خواتین کے لیے گرہ لکشمی یوجنا شروع کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت خواتین کو سالانہ 15000 روپے دیے جائیں گے۔ مسٹر بگھیل نے خواتین کے لیے اس بڑی اسکیم کا اعلان دیوالی پر اسمبلی انتخابات کی تشہیر کے لیے روانہ ہونے سے قبل آج یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ساتھ ریاستی کانگریس صدر دیپک بیج بھی موجود تھے۔مسٹر بگھیل نے کہا کہ اگر کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو کانگریس چھتیس گڑھ کی تمام خواتین کو سالانہ 15000 روپے دے گی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ماتا لکشمی نے چھتیس گڑھ کے لوگوں کو پانچ سال تک اپنا آشیرواد دیا ہے اور ہم گڑھبو نوا چھتیس گڑھ کے اپنے مشن پر نکل پڑے ہیں۔ ہماری حکومت نے پانچ سال اس عزم کے ساتھ کام کیا ہے کہ میرا چھتیس گڑھ امیر ہو اور ہم غریبی کی لعنت کو مٹا سکیں۔ آج دیوالی کے مبارک دن پر، ہم ماؤں اور بہنوں کو مزید خوشحال اور قابل دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس لیے آج دیوالی کے مبارک موقع پر میں اعلان کرتا ہوں کہ آپ کانگریس کو ووٹ دیں، چھتیس گڑھ میں کانگریس کی حکومت بنائیں، ہم "چھتیس گڑھ گرہ لکشمی یوجنا” شروع کریں گے جس کے تحت ہم ہر عورت کو 15000 روپے سالانہ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں تمام ماؤں بہنوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کو قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی آپ کو کوئی فارم بھرنے کی ضرورت ہے۔ کانگریس کی حکومت بنائیں، حکومت خود آپ کے گھروں کا سروے کرائے گی۔ سب کچھ آن لائن ہو گا اور پیسے سیدھے اکاؤنٹ میں آئیں گے، لائن میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔