پٹنہ 29 نومبر (یو این آئی) بہار قانون ساز اسمبلی کے دونوں ایوانوں کی کارروائی آج سرمائی اجلاس کے اختتام کے بعد غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
بہار اسمبلی اور بہار قانون ساز کونسل کا سرمائی اجلاس 25 نومبر کو شروع ہوا تھا اور جمعہ کو اجلاس کے اختتام کے بعد اسے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ۔ اجلاس کے دوران دونوں ایوانوں کے کل پانچ اجلاس ہوئے۔
اسمبلی اسپیکر نند کشور یادو نے اپنی اختتامی تقریر میں کہا کہ اراکین اسمبلی نے سرمائی اجلاس کے دوران عوامی اہمیت کے بہت سے مسائل کو اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا ضمنی بجٹ برائے مالی سال 2024-25، بہار گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (دوسری ترمیم) بل، 2024، بہار اسپورٹس یونیورسٹی (ترمیمی) بل، بہار تخصیص (نمبر 4) بل 2024، بیتیہ راج کی جائیدادیں ویسٹنگ بل، 2024، بہار گورنمنٹ پریمیسس (الاٹمنٹ، کرایہ، وصولی اور بے دخلی) ترمیمی بل، 2024۔ ایوان میں پاس ہوئے۔
مسٹر یادو نے ایوان کے طے شدہ کام کو آسانی سے چلانے میں اراکین، افسران اور میڈیا والوں کے اہم کردار اور تعاون کی تعریف کی اور ان کے تئیں اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے درج کارروائی کو نمٹانے کے بعد ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
اسی طرح بہار قانون ساز کونسل کے چیئرمین اودھیش نارائن سنگھ نے بھی اپنی اختتامی تقریر میں ایوان کے کام کاج میں اراکین، افسران اور دیگر کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے ایوان کے اجلاس کی کوریج پر میڈیا والوں کا شکریہ ادا کیا۔ مقررہ کارروائی کو نمٹانے کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ اجلاس کے دوران اسمبلی میں منظور ہونے والے بل کونسل میں بھی منظور کرائے گئے۔