نئی دہلی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے دہلی میں امن و امان کی خراب صورتحال کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ اگر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اس قابل نہیں ہیں کہ وہ امن و امان کی صورتحال کو سنبھال پارہے ہیں تو وہ اپنے عہدے سے استعفی دے دیں۔مسٹر کیجریوال نے اسمبلی میں کہا کہ 10 سال پہلے دہلی کے لوگوں نے ہمیں اسکول، اسپتال، بجلی، پانی اور سڑکوں کی مرمت کی ذمہ داری دی تھی۔ ہم نے اسکولوں اور ہسپتالوں کو بہتر کیا ہے۔ ادویات مفت کر دی گئیں، بجلی بحال کر دی گئی۔ ہم نے کئی علاقوں میں پانی کی سپلائی بحال کر دی ہے۔ بہت سے شعبوں میں کام باقی ہے، وہ بھی ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کی آدھی ذمہ داری دہلی حکومت پر ہے اور آدھی ذمہ داری مرکزی حکومت پر ہے۔ دہلی کے لوگوں نے دہلی کے لوگوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی ذمہ داری بی جے پی کی مرکزی حکومت کو سونپی تھی۔ امن و امان کی ذمہ داری مسٹر شاہ کے کندھوں پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ سالوں میں دہلی کی امن و امان کی صورتحال تیزی سے خراب سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ خاص طور پر 2019 میں جب سے امیت شاہ وزیر داخلہ بنے ہیں، دہلی میں امن و امان کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ دہلی میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہت خراب ہو چکی ہے۔ آئے روز قتل کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔
اے اے پی لیڈر نے کہا کہ لارنس بشنوئی گینگ نے ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے اور وہ گجرات کی سابرمتی جیل میں بند ہے۔ گجرات میں بی جے پی کی حکومت ہے۔ یہ سمجھ میں نہیں آتا کہ لارنس بشنوئی دہلی میں وہاں سے بھتہ خوری کا ریکیٹ کیسے چلا رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ 26 اکتوبر کو بمبیہا گینگ نے پیٹم پورہ میں ایک تاجر کے گھر کے باہر فائرنگ کی اور 10 کروڑ روپے بھتہ طلب کیا۔ 7 نومبر کو شوٹروں نے پچھم وہار میں ایک ہائپر مارکیٹ کے باہر فائرنگ کی۔ جنوب مغربی دہلی کے نجف گڑھ میں ایک موٹر کی دکان پر فائرنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ دہلی کے اندر کیا ہو رہا ہے؟ امیت شاہ کیا کر رہے ہیں؟ آخر امیت شاہ کہاں ہیں؟ انہوں نے پوری دہلی کو گینگ کے حوالے کر دیا ہے جیسے اب وہ پوری دہلی کو چلا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسٹر شاہ کو بتانا پڑے گا کہ لارنس بشنوئی کون ہے؟ کیا بی جے پی نے لارنس بشنوئی کو کھلے عام تحفظ دیا ہے؟ سابرمتی جیل سے وہ نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں اپنا سارا کام کررہا ہے ہے۔ وہ یہ سب کیسے چلا رہا ہے؟ سابرمتی جیل میں انہیں کیا سہولیات فراہم کی جارہی ہیں؟ وہ دہلی، کینیڈا، امریکہ اور پوری دنیا میں اپنا کاروبار چلا رہا ہے۔ کیا اسے بی جے پی کا تحفظ حاصل ہے؟ امت شاہ کو جواب دینا پڑے گا کہ مجرم اتنے بے خوف کیوں ہو گئے ہیں؟