نئی دہلی، 22 جنوری (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (آپ) کے کنوینر اروند کیجریوال نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ذریعے دہلی کے اندر پنجاب کی گاڑیوں میں سفر کرنے والے لوگوں کو یوم جمہوریہ پر خطرہ بتائے جا نے پر کہا کہ بی جے پی نے سبھی پنجابیوں کی توہین کی ہے۔ مسٹر کیجریوال نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈر پرویش ورما نے کہا ہے کہ یوم جمہوریہ پر پنجابی ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ کیا سارے پنجابی دہشت گرد اور غدار ہیں؟ دہلی میں رہنے والے لاکھوں پنجابیوں کے خاندانوں اور آباؤ اجداد نے ملک کے لیے بے شمار قربانیاں اور دی ہیں اور اذیتیں برداشت کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈر آج جو کچھ بھی کہہ رہے ہیں، وہ پنجابیوں کی شہادت اور قربانی کی توہین کررہے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کو اس کے لیے تمام پنجابیوں سے معافی مانگنی چاہیے۔
مسٹر کیجریوال نے سوشل میڈیا پر کہا "دہلی میں لاکھوں پنجابی رہتے ہیں، جن کے خاندانوں اور ان کے آباؤ اجداد نے ملک کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ دہلی میں لاکھوں پنجابی مہاجرین بھی رہتے ہیں، جو تقسیم کے مشکل وقت میں سب کچھ چھوڑ کر دہلی آئے تھے۔ ان کے خاندان نے بھی ان گنت اذیتیں برداشت کی ہیں۔ بی جے پی کے لیڈر آج جو کچھ بھی کہہ رہے ہیں، وہ ان کی شہادت اور قربانی کی توہین کررہے ہیں۔ یہ بیان سن کر مجھے بہت تکلیف ہوئی ہے ۔ دہلی پر پنجابیوں کی حکومت رہی ہے۔ پنجابیوں کو ملک کے لیے خطرہ قرار دے کر بی جے پی نے دہلی میں رہنے والے لاکھوں پنجابیوں کی توہین کی ہے۔ اس لئے بی جے پی کو پنجابیوں سے معافی مانگنی چاہیے۔
آپ کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ منگل کو بی جے پی کے لیڈر پرویش ورما نے کہا کہ پنجاب کی نمبر پلیٹ والی گاڑیاں دہلی کے اندر گھوم رہی ہیں، جو 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لیے خطرہ ہیں۔ یہ اپنے آپ میں بہت سنگین معاملہ ہے۔ بی جے پی لیڈر سکھ برادری کے لوگوں کو دہشت گرد کہہ رہے ہیں۔ یہ لوگ شہید اعظم بھگت سنگھ کی اولاد کو دہشت گرد کہہ رہے ہیں، جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس ملک کو آزاد کرایا ہے۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی نے بنگلہ دیشی دراندازوں کو پورے ملک میں بسایا ہے، انہیں ان سے کوئی خطرہ نہیں ہے، لیکن اگر ہمارے ملک کے صوبہ پنجاب سے گاڑیاں دہلی آ رہی ہیں تو یہ ملک کے لیے خطرہ ہیں ۔ یہ انتہائی شرمناک بیان ہے۔ یہ پنجابیوں اور سکھوں کی شہادت اور حب الوطنی کی توہین ہے۔ تقسیم کے وقت لاکھوں سکھ اور پنجابی بھائی دہلی آ ئے تھے ۔