ممبئی: 30 جولائی (یو این آئی )بی جے پی مذہبی تقسیم پیدا کرکے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتی ہے۔ جہاں بی جے پی ملک کو تقسیم کرنے میں لگی ہوئی ہے، وہیں راہل گاندھی ملک کو جوڑ رہے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات میں عوام کانگریس اور انڈیا الائنس کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی تھی۔ اسمبلی الیکشن تین مہینے پر آ نے والا ہے۔ لوک سبھا میں عوام نے جو شاندار کامیابی دی ہے، اس کی وجہ سے غفلت کا شکار نہ ہوں۔ عوام کے پاس جائیں اور اسمبلی الیکشن میں کامیابی کے لیے سخت محنت کریں۔ یہ اپیل مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کی ہے۔ وہ یہاں ریاستی اقلیتی شعبہ کی جائزہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔
ریاستی کانگریس کے اقلیتی شعبہ کی جائزہ میٹنگ کانگریس کے صدر دفتر تلک بھون میں ریاستی صدر نانا پٹولے کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں اقلیتی شعبہ کے ریاستی صدر ڈاکٹر وجاہت مرزا اور عہدیداران بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اس جائزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئےریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس ایک ایسی پارٹی ہے جو تمام ذاتوں اور مذاہب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں ملک بھر کی مختلف پارٹیوں نے مل کر انڈیا الائنس بنائی اور مہاوکاس اگھاڑی نے مل کر ریاست میں الیکشن لڑا۔ لوک سبھا انتخابات میں دلتوں، پسماندہ طبقات کے لوگوں، قبائلیوں، اقلیتی برادریوں، خواتین، نوجوانوں کو انڈیا الائنس کی طاقت ملی۔ اب عوام ریاست میں بھی تبدیلی چاہتے ہیں۔ ہمیں عوام کے پاس جانا ہے اور کانگریس کے نظریات سے انہیں واقف کرانا ہے۔ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ تنظیم کے لیے کام کرتے ہیں ان کو مناسب موقع دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لیے کام کریں اور اسمبلی میں کانگریس کی جیت کو یقینی بنائیں۔