ممبئی: 15 جولائ (یو این آئی ) مہاراشٹر ایک بڑی ریاست ہے اور یہاں ایک مضبوط پارٹی ہی الیکشن لڑ سکتی ہے اور جیت سکتی ہے۔ خواتین آبادی کا 50 فیصد حصہ ہیں جو انتخابی نقطۂ نظر سے اتنا ہی اہم ہے۔ مہاراشٹر نے لوک سبھا انتخابات میں جیت کی راہ دکھا دی ہے۔ بی جے پی نے 400 پار کا نعرہ دیا تھا جسے مہاراشٹر نے روک دیا۔ مہاراشٹر میں لوک سبھا کے نتائج ریاست کی ڈبل انجن حکومت کے لیے ایک وارنگ ہیں۔ یہ باتیں آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے کہی ہیں۔
کانگریس کے دفتر تلک بھون میں منعقدہ مہیلا پردیش کانگریس کی توسیعی ایگزیکٹو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الکا لامبا نے کہا کہ پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے متحرک ہوکر کام کریں، پارٹی کو وقت دیں۔ آج کی دنیا سوشل میڈیا کی ہے اور اس میڈیم کے ذریعے آپ کی آواز ایک منٹ میں دنیا کے کونے کونے تک پہنچ جاتی ہے۔ ملک میں 70 کروڑ خواتین ہیں، ان کی آواز بنیں، اسمبلی انتخابات میں صرف چند دن باقی ہیں۔ ہر بوتھ پر کم از کم ایک خاتون چیئرپرسن کا تقرر کیا جانا چاہئے۔اس موقع پر مہیلا کانگریس کی ریاستی صدر سندھیا سوالاکھے نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں کام کرنے والوں کو مناسب موقع دیا جاتا ہے، مہیلا کانگریس میں کام کرنے والوں کو اسمبلی، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل انتخابات میں امیدوار نامزد کرتے وقت ضرور غور کیا جاتا ہے۔ اگر ہم لوک سبھا انتخابات کی طرح زیادہ محنت اور مستعدی سے کام کریں تو اسمبلی انتخابات میں بھی کانگریس پارٹی کو حکومت میں آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔