نئی دہلی (یو این آئی/ ہندوستان ایکسپریس نیوز بیورو) جی-20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آئے برطانوی وزیر اعظم رشی سنک نے سخت سیکورٹی کے درمیان اتوار کی صبح یہاں کے مشہور اکشردھام مندر کا درشن کیا۔برطانوی وزیر اعظم کے ساتھ ان کی اہلیہ محترمہ اکشتا مورتی بھی تھیں۔ مندر پہنچنے پر وہاں کے پجاریوں نے ان کا استقبال کیا۔ سنک جوڑے نے مندر میں بھگوان سوامی نارائن کی پوجا بھی کی۔برطانوی وزیر اعظم صبح وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر سربراہان مملکت اور حکومت کے ساتھ راج گھاٹ گئے تھے اور وہاں عدم تشدد کے سب سے بڑے پیامبر بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کیا۔اس کے بعد مسٹر سنک اپنی اہلیہ کے ساتھ اکشردھام مندر پہنچے۔مسٹر سنک جمعہ کی دوپہر نئی دہلی پہنچے تھے۔ پہلے دن، انہوں نے یہاں وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔ انہوں نے ہفتہ کو یہاں بھارت منڈپم میں جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔
یاد رہے کہ برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک جب جی ٢٠ ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جمعہ کو دہلی آئے تھے،تب انہوں نے اپنے ہندو ہونے پر فخر کااظہار کیا تھا۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاتھا، "میں ایک قابل فخر ہندو ہوں اور میری پرورش اسی طرح ہوئی ہے، میں اسی طرح ہوں۔ "
اپنے ہندو ہونے کے احساس کو مزید اجاگرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "ابھی یہ رکشا بندھن تھا جس میں میری بہنوں نے مجھے راکھی باندھی تھی، میرے پاس دوسرے دن جنم اشٹمی کو صحیح طریقے سے منانے کا وقت نہیں تھا لیکن امید ہے کہ جیسا کہ میں نے کہا تھا کہ اگر کسی مندر میں جاوںگا تو میں اس کی تلافی کر سکوں گا۔ میرا ماننا ہے کہ "آستھا” ایک ایسی چیز ہے جو ہر اس شخص کی مدد کرتی ہے جو اپنی زندگی میں آستھا رکھتا ہے۔”
اس کے ساتھ ہی انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جم کر تعریف کی تھی اور کہا تھا وہ ان کا بہت احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہاتھا کہ میں مسٹر مودی کا بہت احترام کرتا ہوں ۔