کلکتہ17مئی (یواین آئی)کلکتہ ہائی کورٹ نے جمعہ کو سندیش کھالی بی جے پی کارکن پیالی داس کو ضمانت دے دیدی ہے۔داس نے تین دن قبل اپنے خلاف درج ایک مجرمانہ مقدمہ میں نچلی عدالت کے سامنے خودسپردگی کی تھی۔داس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے ایک خالی کاغذ پر سندیش کھالی کی ایک خاتون کے دستخط حاصل کیے تھے جسے بعد میں ترنمول کانگریس کے لیڈروں کے خلاف جنسی زیادتی کے شکایات کے طور پر بڑھایا گیا۔
14 مئی کو اس کے خودسپردگی کے بعد بشیرہاٹ سب ڈویژنل عدالت کے ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے داس کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی اور آٹھ دنوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔بی جے پی کارکن نے ضمانت کے لیے کلکتہ ہائی کورٹ کا رخ کیا۔جسٹس جے سین گپتا نے ہدایت کی کہ داس کو ذاتی مچلکے پر رہا کیا جائے۔مغربی بنگال حکومت نے درخواست ضمانت کی مخالفت کی۔