ہمیر پور، 17 مئی (یو این آئی) بندیل کھنڈ کی حالت زار کے لیے کانگریس اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ چیلنج کو چیلنج دینے کا نام مودی ہے اور جو چیلنج کا سامنا کرتا ہے وہ مودی کہلاتا ہے۔ہمیر پور ضلع کے رتھ قصبے میں بی این بی ڈگری کالج میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرمودی نے کہا کہ ایس پی-کانگریس حکومتوں کے دوران بندیل کھنڈ کے لوگ پانی کی ایک ایک بوند کے لیے ترستے تھے، خشک سالی بندیل کھنڈ کی پہچان بن گئی تھی۔ اسکیم آتی تھی لیکن اسکیم کے سارے پیسے کھا جاتے تھے۔ بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد بندیل کھنڈ کو خشک سالی کی پریشانی سے نجات دلانے کے مشن کے تحت کام کیا گیا اور نتیجہ یہ ہے کہ بندیل کھنڈ میں چاروں طرف ہریالی پھیل گئی اور بے شمار ترقیاتی کام ہوئے۔ چیلنج کو چیلنج دینے کا نام ہے مودی اور جو چیلنج کا سامنا کرتا ہے وہ مودی کہلاتا ہے۔
مسٹرمودی نے نوجوان ووٹروں سے کہا کہ نوجوان بندیل کھنڈ کے مسائل کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ بندیل کھنڈ میں جل جیون مشن کے تحت 12 کروڑ سے زیادہ گھروں کو پانی پہنچایا گیا۔ علاقے کے سینکڑوں گھروں تک پانی پہنچ گیا ہے۔ وہ مسلسل یہاں ہونے والے کام کاج کی رپورٹ لیتےرہتے ہیں ۔ بی جے پی نے کین ویتوا لِنگا پروجیکٹ پر کام شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بندیل کھنڈ کے لوگوں کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ حکومت اس پروجیکٹ کے لیے 40 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کرے گی۔ تب ہی ترقی کو مضبوطی ملے گی۔