لکھنؤ:16مئی(یواین آئی) کرناٹک کے نائب وزیر اعلی اور ریاستی کانگریس کے صدر ڈی کے شیو کمار نے جمعرات کو کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگاری نے آج خطرناک شکل اختیار کرلی ہے جس سے نپٹنے کے لئے ان کی حکومت کرناٹک میں ہر مہینے دس کلو اناج غریب کنبوں کو فراہم کررہی ہے۔کانگریس کے ریاستی دفتر پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران جن لوگوں سے راہل گاندھی ملے انہوں نے ملک کے سب سے بڑے مسائل بے روزگار، مہنگائی، ملک میں پنپ رہی نفرت کو بتایا۔ کسانوں نے اپنی حالت زار بتائی۔ اس بھارت جوڑو یاترا کے دوران ہی ہم نے من بنا لیا تھ اکہ ہمیں ملک کی عوام کی مدد کرنی ہے۔اس لئے کرناٹک حکومت ایک کروڑ 20 لاکھ خواتین کو 2 ہزار روپئے فی ماہ دے رہی ہے۔ ایک کروڑ 50 لاکھ کنبوں کو ہم 200 یونٹ بجلی مفت میں دے رہے ہیں۔ ریاست کے بے روزگاروں کو 3 ہزار روپئے فی ماہ بے روزگاری بھتہ دے رہے ہیں۔ ہم نے شکتی اسکیم کا وعدہ کیا تھا جس میں ہم پور ی ریاست کی خواتین کو مفت میں بس سفر کی سہولیت فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ‘پرینکا گاندھی نے ہم سے اور سدر میا جی سے کہا کہ آج بی جے پی غریبوں، کسانوں، نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کررہی ہے جس سے لوگوں میں سیاسی پارٹیوں کے تئیں مایوسی پنپ رہی ہے۔ انہوں نے ہم دونوں سے کرناٹک کی عوام کے مفاد میں گارنٹی دینے کا وعدہ لیا اور ہم سے اس گارنٹی پر دستخط کروایا۔کرناٹک اسمبلی الیکشن کے دوران ہم نے اس دستخط کئے ہوئے گارنٹی کارڈ کو گھر گھر میں تقسیم کیا اور ہم نے عوام سے وعدہ کیا کہ ہم نے جو وعدے اس گارنٹی کارڈ میں آپ سے کئے ہیں انہیں پورا کر کے دکھائیں گے۔ اور ہمیں آپ کو بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ آج تقریبا ایک سال کرناٹک حکومت کو ہوگیا ہے اور ہم نے تقریبا سبھی گارنٹیوں کو پورا کرلیا ہے۔