10 اپریل آخری تاریخ، 50 سال سے کم عمر کے افراد اہل ہوں گے
نئی دہلی/حیدراآباد(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک) حج 2023 ء کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا نے خادم الحجاج کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے ۔ ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز ی زیر انتظام علاقوں میں ہر 300 عازمین پر ایک خادم الحجاج کا انتخاب کیا جائے گا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا محمد یعقوب شیخ کے مطابق ایک خاتون خادم الحجاج کیلئے بھی درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں لیکن اس کا انحصار ریاستوں میں بغیر محرم خاتون عازمین حج کی درخواستوں پر رہے گا۔ خادم الحجاج کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ جدہ کے کونسلیٹ جنرل سے ہندوستانی عازمین حج کے انتظامات میں تعاون کریں۔
خادم الحجاج کے طور پر انتخاب کے خواہشمند امیدواروں کو آن لائین درخواستیں داخل کرنی ہوگی اور تمام درکار دستاویزات اپ لوڈ کرنے ہوں گے۔ آن لائین درخواستیں حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر داخل کی جاسکتی ہے ۔ درخواست گزاروں کے پاس انٹرنیشنل پاسپورٹ ضروری ہے جو 20 مارچ 2023 ء سے قبل جاری کردہ اور اس کی میعاد 3 فروری 2024 ء تک ہونی چاہئے۔ آن لائین درخواستوں کے داخلہ کی آخری تاریخ 10 اپریل مقرر کی گئی ہے ۔ ایسے درخواست گزار جن کی عمر 30 اپریل 2023 ء کو 50 سال سے تجاوز نہ ہوں درخواست دینے کے اہل ہیں۔
حج 2022 ء میں خادم الحجاج کے طور پر خدمات انجام دینے والے افراد اور ایسے افراد جو ماضی میں دو سے زائد مرتبہ خدمات انجام دے چکے ہیں، اس مرتبہ درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ خادم الحجاج کو جسمانی طور پر فٹ ہونا چاہئے اور انہیں کسی سرکاری ہاسپٹل سے حاصل کردہ فٹنس سرٹیفکٹ پیش کرنا ہوگا۔ خادم الحجاج کو عازمین کی زبانوں کے علاوہ عربی زبان سے واقفیت ہونی چاہئے ۔ درخواست گزاروں کو کووڈ 19 کی تمام ضروری ویکسین حاصل کرنا لازمی ہے۔ ایسے افراد جنہوں نے سابق میں حج یا عمرہ کیا ہو، وہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے خادم الحجاج کے لئے ٹریننگ پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ درخواست گزاروں کو اپنے آجر سے نو آبجیکشن سرٹیفکٹ داخل کرنا ہوگا۔ ریاستی حج کمیٹیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ خادم الحجاج کے انتخاب کے سلسلہ میں تمام شرائط کی تکمیل کریں۔ ریاستی حج کمیٹیوں کی سفارش کے ساتھ خادم الحجاج کی تفصیلات 21 اپریل تک حج کمیٹی آف انڈیا کو روانہ کردی ہیں۔