پٹنہ، یکم ستمبر (یواین آئی )وزیر اعلیٰ مسٹر نتیش کمار نے ممبئی میں منعقدہ ‘انڈیا’ اتحاد کی تیسری میٹنگ میں شرکت کے بعد پٹنہ واپسی پر ہوائی اڈے کے قریب صحافیوں سے بات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہت اچھی میٹنگ ہوئی ہے، سب کچھ طے ہوچکا ہے۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں تمام لوگوں نے اپنی اپنی باتیں رکھیں۔ ہم لوگوں کو تیزی سے کام کرنا ہے کیونکہ مرکزی حکومت پہلے بھی انتخاب کروا سکتی ہے۔
صحافیوں کی جانب سے ون نیشن، ون الیکشن کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لوک سبھا کا خصوصی اجلاس بلایا جا رہا ہے، جس کا مطلب ہے کہ انتخابات جلد ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکزی حکومت ذات کی بنیاد پر مردم شماری کیوں نہیں کر رہی ہے۔ مردم شماری 2021 میں ہی ہونی تھی لیکن کیوں نہیں ہوئی، آپ سوچیں۔ ان تمام چیزوں کو ہاﺅس میں مضبوطی سے رکھنا چاہیے۔ انڈیا الائنس میٹنگ میں ہماری ایک دوسرے کے ساتھ بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے، فکر کرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ ہم سب مل کر بہت اچھے طریقے سے کام کریں گے۔