نئی دہلی، 01 ستمبر (یو این آئی) اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی آمدنی اس سال اگست میں 1.59 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ رہی ہے، جو گزشتہ سال اگست میں جمع کیے گئے 143612 کروڑ روپے کے جی ایس ٹی کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہے۔اس سال جولائی میں جی ایس ٹی کی آمدنی 1.65 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ تھی۔ اس سال اپریل میں 1.87 لاکھ کروڑ روپے کا ریکارڈ جی ایس ٹی ریونیو اکٹھا کیا گیا جو اب تک کا سب سے زیادہ تھا۔ اس سے پہلے پچھلے سال اپریل میں یہ رقم 167540 کروڑ روپے تھی۔ گزشتہ 17 مہینوں میں جی ایس ٹی کی آمدنی 1.40 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ رہی ہے۔ مارچ 2023 میں یہ 160122 کروڑ روپے تھا۔وزارت خزانہ نے آج یہاں جی ایس ٹی ریونیو اکٹھا کرنے کا ڈیٹا جاری کیا، جس میں اگست 2023 میں جمع ہونے والی آمدنی 159069 کروڑ روپے رہی ہے۔ اس سال جولائی میں جمع ہونے والی آمدنی سی جی ایس ٹی 28,328کروڑ روپے، ایس جی ایس ٹی 35,794 کروڑ روپے، آئی جی ایس ٹی 83,251 کروڑ روپے اور درآمدات پر جمع ٹیکس سمیت 43,350 کروڑ روپے تھی۔ سیس کی وصولی 11695 کروڑ روپے رہی جس میں درآمدات پر 1016 کروڑ روپے کا ٹیکس بھی شامل ہے۔حکومت نے باقاعدہ تصفیہ کے تحت آئی جی ایس ٹی میں سے سی جی ایس ٹی کو 37581 کروڑ روپے اور ایس جی ایس ٹی کو 31408 کروڑ روپے دیئے ہیں۔ اس طرح اگست میں سی جی ایس ٹی 65909 کروڑ روپے اور ایس جی ایس ٹی 67202 کروڑ روپے رہا ہے۔