ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار کے بقول تلاشی آپریشن اب بھی جاری ہے
سری نگر(یو این آئی)ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے منگل کے روز کہاکہ کوکر ناگ کے گڈول علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے انہوں نے بتایا کہ تصادم کی جگہ لشکر کمانڈر عزیر خان کی لاش برآمد کی گئی ہے جبکہ اور ایک ملی ٹینٹ کی لاش جنگل میں دیکھی گئی ہے اے ڈی جی پی نے مقامی لوگوں سے تلقین کی کہ وہ تصادم کی جگہ جانے سے گریز کریں کیونکہ وہاں پر بارودی شیل بکھرے پڑے ہوئے ہیں۔ان باتوں کا اظہار اے ڈی جی پی نے کوکر ناگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ کوکر ناگ کے جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم میں لشکر کمانڈر عزیر خان مارا گیا ہے۔ان کے مطابق لشکر کمانڈر آرمی کرنل ، میجر اور ڈی ایس پی کی ہلاکت میں ملوث تھا۔اے ڈی جی پی کے مطابق جنگل میں ایک اور ملی ٹینٹ کی لاش دیکھی گئی جس کی باز یابی کی خاطر کارروائی شروع کی گئی ہے۔گڈول کوکر ناگ آپریشن اختتام پذیر ہونے کے بارے میں جب اے ڈی جی پی سے سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ فی الحال تلاشی آپریشن جاری رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ تصادم کی جگہ اور اردگرد علاقوں میں بارودی شیل بکھرے پڑے ہوئے ہیں جس کے پیش نظر لوگوں سے تلقین کی جاتی ہیں کہ وہ جنگل میں جانے سے فی الحال گریز کریں۔تصادم کے دوران ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں اے ڈی جی پی نے بتایا کہ کرنل ، میجر ، ڈی ایس پی سمیت چار سیکورٹی فورسز کے آفیسران جاں بحق ہوئے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے بتایا کہ جنگلی علاقے میں تین دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلا ع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا تھا۔