بلند شہر: ملک کے ممتاز ملی رہنما معروف وکیل ظفر یاب جیلانی کے سانحہ ارتحال پر مسلم یوتھ کنوینشن کے زیر اہتمام شہر کے معروف مسلم انٹر کالج میں تعزیتی جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ مولانا آزاد جودھپور کے سابق وائس چانسلر پدم شری اختر الواسع کے صدارت اور یوتھ کنوینشن کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر ظہیر احمد خاں کی نظامت میں منعقدہ تعزیتی جلسہ میں مقررین نے جیلانی صاحب کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالی۔مقررین نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ، ان کے انتقال کو ملت کا عظیم خسارہ قرار دیا اور کہا کہ ملت کا عظیم محسن ہم سے جدا ہوگیا۔
اپنے صدارتی خطاب میں پرو فیسر اختر الواسع نے کہا کہ جیلانی صاحب ہمہ گیر اور مستقل مزاج کی شخصیت کے مالک تھے اور انھوں نے تفصیل سے جیلانی صاحب کی ملی قومی تعلیمی اور دینی تحریکات اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ جیلانی ایک شخصیت کا نہیں بلکہ تحریک اور ادارہ کا نام ہے۔وہ ایک نیک دل اور شریف انسان تھے وہ حقانیت و صداقت کے پیکر تھے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی کردار کی بحالی یا بابری مسجد بازیابی تحریک ہو یا تحفظ شریعت کا معاملہ ، مسلم یوتھ کنوینشن کی صدارت ہو یا مسلم پرسنل لا بورڈ کی قیادت ان سب میں ان کا کردار اور رول نہ صرف تاریخ ساز ہے بلکہ روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ جیلانی صاحب نے امت کے معاملات کو جس طرح اٹھایا ، انھیں نظر انداز کیا جاسکتا ۔ دل سوزی حق پرستی اور حسن اکلاق کے وہ اعلی نمونہ تھے ان کی شخصیت کے ان گنت پہلو ہیں جو ہمارے لیے مشکل راہ ہیں۔ انھیں ستائش کی پرواہ تھی نہ سلے کی تمنا وہ ’ساحل تجھے عطا ہو تو ساحل نہ کر قبول ‘ نرم دم گفتگو گرم دم جستجو کے مصداق تھے ، مورخ حقانیت کے ساتھ ملت کی سر فرازی اور مساعی میں جیلانی صاحب کو نظر انداز نہیں کرسکتا ، ان کا نام ضرور آئے گا۔ تاریخ جاوید حبیب اور جیلانی صاحب کے افکار و نظریات کو بھلا نہیں پائے گی۔
اس موقع پر مسلم یوتھ کنوینشن کے اتر پردیش مغرب کے صدر حاجی نور قریشی نے اپنے ذاتی اور دیرینہ رشتہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سر پرستی اور رفاقت میں ہم یوتھ کنوینشن کے لیے کام کرتے رہے ، ان کا انتقال ایسا خلا ہے جس کو پر ہونا نا ممکن ہے ، ہمارے لیے سچا خراج عقیدت یہی ہے کہ ہم ان کے خیالات اور طریقہ کار کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں۔ اس موقع پر عارف سیفی ، سید اکبر ، نعیم منصوری ، سید ہارون کرمانی، خورشید راہی، نیتاجی شکیل احمد نے بھی اظہار خیال کیا۔ اسکول کے مینیجر راشد علی خاں ، انجینئر لیاقت علی، پرنسپل احمد رضوی ، مسرور عالم خاں ، چیرمین بدرلسلام خاں ، حاجی محمد احمد خاں، ایس ایم نواز موسی ، جلال احمدخاں ، اعجاز احمد صدیقی ایڈو کیٹ دیگر معززین شہر بطور خاص شریک رہے۔ قاری محمد طلحہ قاسمی کے تعزیتی قرار داد اور دعا ء مغفرت پر تعزیتی جلسہ کا اختتام ہوا۔ ارشاد احمد شر ر ایڈوکیٹ نے مہمانان اور شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔