جئے پور: راجستھان کے الیکشن کے حوالے سے کانگریس نے آج اپنا انتخابی منشور جاری کردیا۔کانگریس نے چرنجیوی یوجنا کے تحت انشورنس کی رقم 25 سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کرنے کا وعدہ کیا ہے۔کانگریس نے چار لاکھ نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں دینے، ایم ایس پی پر فصلوں کی خریداری کے لیے قانون بنانے اور کسانوں کو 2 لاکھ روپے کے بلاسود قرض دینے کا وعدہ کیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی خواتین کی حفاظت کے لیے عوامی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے، ذات پات کی مردم شماری کرانے، تعلیمی قانون لا کر آر ٹی ای کے تحت آٹھویں جماعت کے بجائے بارہویں جماعت تک تعلیم فراہم کرنے اور منریگا کے تحت کام کے دنوں کی تعداد بڑھا کر 150 کرنے کا وعدہ کیا۔ .
اس کے ساتھ ہی اجولا اسکیم سے وابستہ خاندانوں اور بی پی ایل خاندانوں کو 400 روپے میں سلنڈر دینے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے اس موقع پر کہا، ‘راجستھان ہمارا گڑھ رہا ہے، ہم صرف وہی وعدے کرتے ہیں جو ہم پورے کرتے ہیں۔’
خیال رہے کہ ریاست کی 199 سیٹوں پر 25 نومبر کو ووٹنگ ہونی ہے،جس کیلئے انتخابی سرگرمیاں اس وقت شباب پر پہنچی ہوئی ہیں۔