میہر(یو این آئی) مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے آج الزام لگایا کہ کانگریس اقتدار حاصل کرنے کے لیے جھوٹ کا سہارا لیتی ہے۔ مسٹر سندھیا نے مدھیہ پردیش کے وندھیا آنچل علاقے کے نو تعمیر شدہ میہر ضلع ہیڈکوارٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حق میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ریاست میں کانگریس کی حکومت تھی تو لوگ بجلی، پانی اور یہاں تک کہ سڑکوں کو لے کر پریشان تھے۔ آبپاشی کے لیے بھی پانی میسر نہیں تھا۔
بی جے پی لیڈر مسٹر سندھیا نے کہا کہ اب کانگریس دوبارہ اقتدار میں آنے کے لیے جھوٹ کا سہارا لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس لیڈر کسانوں کے قرض معافی کی بات کرتے ہیں، لیکن حقیقت میں یہ وعدہ فرضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین ٹکٹوں کی تقسیم کے بعد ایک دوسرے کے کپڑے پھاڑنے کی بات کرتے ہوئے بھی سنے جاتے ہیں۔
مسٹر سندھیا نے اپنی دادی اور آنجہانی راج ماتا وجئے راجے سندھیا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا وندھیا آنچل کے علاقے سے تعلق رہا ہے اور وہ اکثر اس علاقے کا دورہ کیا کرنے آتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح جب ان کے والد آنجہانی مادھو راؤ سندھیا ریلوے کے وزیر تھے، تب میہر ریلوے اسٹیشن کی توسیع ہوئی تھی۔